نئی دہلی: دہلی کے نریلا علاقے میں ہفتہ کو دہلی پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ان کی اہلیہ اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے۔ پولیس کو گھر کے اندر سے بند ہونے کے حوالے سے پی سی آر کال موصول ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق دوپہر تقریباً 1 بجے نریلا تھانے کی حدود میں ایک مکان کے اندر سے بند ہونے کی اطلاع ملی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو فلیٹ اندر سے بند تھا۔فائر بریگیڈ کی مدد سے پولیس اہلکار فلیٹ کے اندر داخل ہوئے۔ وہاں ایک ہی کمرے میں 2 افراد مردہ پائے گئے۔
متوفیوں کی شناخت تقریباً 40 سالہ ہیڈ کانسٹیبل مونو کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ اس وقت نارتھ ڈسٹرکٹ میں تعینات تھے۔ ان کی اہلیہ مینو کی عمر 35 سال تھی۔دہلی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فارنسک سائنس لیبارٹری یعنی ایف ایس ایل کی ٹیم۔ کرائم ٹیم اور سینئر پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے راجا ہریش چندر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ قانونی کارروائی جاری ہے اور اموات کے حالات اور واقعات کی ترتیب کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ٹگری میں شوہر پر بیوی کو گولی مارنے کا الزام
ایک الگ واقعے میں دہلی کے ٹگری علاقے میں ایک 30 سالہ خاتون کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے جھگڑے کے دوران گولی مار دی تھی۔جمعرات کو صبح تقریباً 8 بجے ایک خاتون کو گولی لگنے کی اطلاع پر پولیس کنٹرول روم یعنی پی سی آر کو کال موصول ہوئی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو خاتون کے پیٹ میں گولی لگی ہوئی تھی۔ اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق پونم اور اس کے شوہر کمليش کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق کمليش مبینہ طور پر شراب کے نشے میں تھا۔پولیس نے بتایا کہ جھگڑے کے دوران کمليش نے مبینہ طور پر دیسی ساخت کا پستول نکالا اور خود کو اور اپنی اہلیہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فائرنگ کردی۔ اس دوران پونم کو گولی لگ گئی۔دہلی پولیس کے مطابق کمليش کو موقع سے حراست میں لے لیا گیا اور واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔اس معاملے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔