ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان توانائی منصوبوں کے لیے 4 ہزار کروڑ کی کریڈٹ لائن

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2026
ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان توانائی منصوبوں کے لیے 4 ہزار کروڑ کی کریڈٹ لائن
ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان توانائی منصوبوں کے لیے 4 ہزار کروڑ کی کریڈٹ لائن

 



نئی دہلی: ہندوستان اور بھوٹان نے توانائی کے منصوبوں کے لیے 4,000 کروڑ روپے کی رعایتی لائن آف کریڈٹ کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ پیش رفت وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے 16 سے 18 ستمبر تک بھوٹان کے سرکاری دورے کے دوران ہوئی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری مشترکہ پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی گئی۔ جے شنکر نے بھوٹان کے وزیر خارجہ و خارجہ تجارت ڈی این ڈھنگیل کی دعوت پر بھوٹان کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں نے ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان توانائی شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا، جن میں 1020 میگاواٹ کے پونٹسنگچو-2 ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا افتتاح اور اس کے ٹیرف پروٹوکول پر دستخط شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 1200 میگاواٹ کے پونٹسنگچو-1 ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ پر ڈیم کی تعمیر دوبارہ شروع ہونے کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے بھوٹان کے پن بجلی منصوبوں میں ہندوستانی کمپنیوں کی فعال شمولیت کا بھی خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے سے جاری توانائی تعاون کو مزید رفتار مل رہی ہے۔

جے شنکر اور ڈھنگیل نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا مشترکہ طور پر افتتاح یا آغاز کیا۔ ان میں مونگار میں 65 بستروں والا گیالٹسن جیٹسن پیما مدر اینڈ چائلڈ اسپتال، سام ڈروپ جونگکھار-تراشی گانگ ہائی وے پر جگن ناتھن پل اور 500 کلو واٹ کا لونا نا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان نے بھوٹان کی شاہی حکومت کو 54 الیکٹرک گاڑیاں بھی حوالے کیں۔ اس کے علاوہ ہندوستان سے 43 جرسی گائیں بھوٹان کے بم تھانگ میں واقع نیشنل کیٹل بریڈنگ سینٹر کو منتقل کی گئیں۔

جے شنکر نے بھوٹان کے ترقیاتی اہداف اور ترجیحات کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ بھوٹان نے اپنے 13ویں پانچ سالہ منصوبے (2024-29) کے تحت مختلف پروگراموں کے لیے ہندوستان کی حمایت کی ستائش کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے گیلیفو مائنڈفلنس سٹی، تجارت اور ٹرانزٹ، سرحد پار رابطے، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور خلائی تعاون سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان نے آسام کے ہتی سار میں امیگریشن چیک پوسٹ قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کا مقصد گیلیفو آنے والے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمدورفت کو آسان بنانا ہے۔ دونوں ملکوں نے گیلیفو-کوکراجھار اور سامتسے-بنا ر ہاٹ سرحد پار ریلوے رابطوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔

دونوں وزراء نے یو پی آئی پر مبنی اس سہولت کا خیرمقدم کیا جس کے ذریعے بھوٹانی شہری اپنے بھوٹانی موبائل ایپلی کیشنز کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکتے ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ہندوستانی کونسل برائے ثقافتی تعلقات کی اسکالرشپ کے تحت بھوٹانی طلبہ کے لیے دستیاب نشستیں 30 سے بڑھا کر 60 کرنے اور نالندہ یونیورسٹی اسکالرشپ اسکیم کے تحت نشستیں 30 سے بڑھا کر 55 کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ہندوستان نے 2028-29 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ہندوستان کی امیدواری کی حمایت کرنے پر بھوٹان کا شکریہ ادا کیا۔ ہندوستان نے انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس کے فریم ورک معاہدے کی بھوٹان کی توثیق کا بھی خیرمقدم کیا۔ جے شنکر نے بھوٹان کے وزیر خارجہ و خارجہ تجارت کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔