کورونا وائرس: نیپال کو بھی بڑی انسانی تباہی کا سامنا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2021
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

کٹھمنڈو

نیپال میں کورونا وائرس کی ابتر صورتحال ہے. یومیہ مثبت آنے والے کیسز کی شرح 47 فیصد ہوگئی ہے. میڈیا کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے سے نیپال کو ہندوستان کی طرح بڑی انسانی تباہی کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیپال میں کووڈ 19 کی صورتحال پڑوسی ملک ہندوستان کی نسبت بدتر ہوسکتی ہے۔

نیپال میں گزشتہ روز ریکارڈ 9ہزار 70 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوتی جارہی ہے جبکہ ویکسین کی قلت بھی ہورہی ہے۔

ہندوستان سے ہزاروں نیپالی تارکین وطنوں کی واپسی سے یوپی سے متصل سرحدی علاقے میں کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیوں کے ایشیاء پیسیفک کے ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو نے کہا ہے کہ ہمیں اس انسانی تباہی پر قابو پانے کی کوئی امید پیدا کرنے کے لئے تیز رفتار عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

نیپال ریڈ کراس کے صدرنیترا پرساد نے کہا ہے کہ ہندوستان میں اس وقت جو کچھ ہورہا ہے وہ نیپال کے مستقبل کا ایک خوفناک منظر ہے۔ (ایجنسی ان پٹ )