پی ایم مودی اور پولینڈ کے وزیر اعظم کے درمیان دوطرفہ مذاکرات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-10-2026
 پی ایم مودی اور پولینڈ کے وزیر اعظم کے درمیان دوطرفہ مذاکرات
پی ایم مودی اور پولینڈ کے وزیر اعظم کے درمیان دوطرفہ مذاکرات

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کیے۔ اس ملاقات میں ہندوستان اور پولینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈونالڈ ٹسک 21 سے 23 اکتوبر تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

اس دورے کا مقصد ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو پولینڈ کے وزیر اعظم نے راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور بابائے قوم کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی جمعرات کو ڈونالڈ ٹسک سے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی۔

جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا، ’’پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ مختلف شعبوں میں ہندوستان اور پولینڈ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے بارے میں ان کے خیالات سے استفادہ کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ڈونالڈ ٹسک کی ملاقات کے منتظر ہیں، جس سے دونوں ملکوں کی اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ڈونالڈ ٹسک بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر نئی دہلی پہنچے تھے۔ ان کے ساتھ پولینڈ کے وزیر خزانہ و معیشت آندریج دومانسکی اور کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی ہندوستان آیا ہے۔

دورے کے دوران ٹسک نئی دہلی میں ہندوستان۔پولینڈ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے بعد 23 اکتوبر کو وہ بنگلورو جائیں گے، جہاں ہندوستان کے اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور خلائی شعبوں کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اگست 2024 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پولینڈ دورے کے دوران دونوں ملکوں نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا تھا۔

ڈونالڈ ٹسک کا موجودہ دورہ 2010 کے بعد کسی پولش وزیر اعظم کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہے۔ ہندوستان میں پولینڈ کے سابق سفیر ایڈم بوراکووسکی نے کہا کہ دونوں ملکوں کا مقصد سالانہ دوطرفہ تجارت کو تقریباً 6 ارب امریکی ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری فورم دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے دفاع اور خلائی ٹیکنالوجی کو بھی تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔