بلوچستان میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت اور مبینہ جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-09-2026
بلوچستان میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت اور مبینہ جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
بلوچستان میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت اور مبینہ جبری گمشدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ

 



بلوچستان: بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچستان میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت اور مبینہ جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعات کی آزادانہ۔ غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ اطلاع دی بلوچستان پوسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا کہ 24 سالہ طاہر بلوچ ولد طارق کا تعلق ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے تھا۔ کمیٹی کے مطابق طاہر بلوچ 12 ستمبر 2026 کو ایک ایسے حملے میں ہلاک ہوئے جس میں ریاستی حمایت یافتہ مسلح گروپ اور ریاستی فورسز کے ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ کمیٹی کے مطابق واقعے میں طاہر کے والد طارق بھی زخمی ہوئے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا کہ طاہر کی ہلاکت اور ان کے والد کے زخمی ہونے کا معاملہ صرف متاثرہ خاندان تک محدود نہیں بلکہ اس سے انسانی حقوق سے متعلق وسیع تر سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کی شناخت کرکے انہیں قانون کے مطابق جواب دہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔کمیٹی نے 20 سالہ طالب علم نادل بلوچ کا معاملہ بھی اٹھایا۔ نادل بلوچ ولد محمد نسیم کا تعلق ضلع گوادر کے علاقے پنووان سے تھا۔ دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی نے الزام لگایا کہ نادل کو 19 اپریل کو رات تقریباً 1:30 بجے فرنٹیئر کور اور ملٹری انٹیلی جنس کے اہلکاروں نے ان کے گھر سے مبینہ طور پر جبری طور پر لاپتہ کیا۔

کمیٹی کے مطابق نادل 5 ماہ تک لاپتہ رہے اور 17 ستمبر کو گوادر کے کلدان علاقے سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔بلوچ یکجہتی کمیٹی نے 29 سالہ احسان بلوچ کا معاملہ بھی اٹھایا۔ احسان بلوچ ولد محمد حسن کا تعلق جیوانی سے تھا اور انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ سائنس سے تعلیم حاصل کی تھی۔کمیٹی کے مطابق احسان کو 22 جنوری کو رات تقریباً 1 بجے ملٹری انٹیلی جنس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے ان کے گھر سے مبینہ طور پر جبری طور پر لاپتہ کیا۔ دی بلوچستان پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے کہا کہ احسان کی لاش 17 ستمبر کو گوادر کے کلدان علاقے سے برآمد ہوئی۔ ان کی گمشدگی کے تقریباً 8 ماہ بعد لاش ملی اور کمیٹی نے الزام لگایا کہ جسم پر شدید تشدد کے نشانات موجود تھے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا کہ جبری گمشدگیاں۔ تشدد اور ماورائے عدالت ہلاکتیں قانون کی حکمرانی اور قانونی طریقہ کار کا متبادل نہیں ہوسکتیں۔کمیٹی نے قومی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سے بلوچستان میں ایسے واقعات کا نوٹس لینے اور متاثرہ خاندانوں کو درپیش صورتحال کا جائزہ لینے کی اپیل کی۔دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی نے طاہر بلوچ۔ نادل بلوچ اور احسان بلوچ کے معاملات سمیت بلوچستان میں ریاستی حکام سے منسلک دیگر ہلاکتوں اور مبینہ تشدد کے واقعات کی فوری۔ آزادانہ۔ غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کمیٹی نے مزید مطالبہ کیا کہ واقعات کے ذمہ دار افراد کی شناخت کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے۔