آسام میں 45 فٹ بلند گنیش کی مورتی۔ گلوکار زوبین گرگ کو خراج عقیدت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2026
آسام میں 45 فٹ بلند گنیش کی مورتی۔ گلوکار زوبین گرگ کو خراج عقیدت
آسام میں 45 فٹ بلند گنیش کی مورتی۔ گلوکار زوبین گرگ کو خراج عقیدت

 



گوہاٹی: گنیش چترتھی کی تیاریاں ملک بھر میں زور پکڑ رہی ہیں۔ اسی دوران آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں بھی اس تہوار کو جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔گوہاٹی کے فاتاسل امباری علاقے میں بھگوان گنیش کی 45 فٹ بلند ماحول دوست مورتی تیار کی گئی ہے۔ منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ شمال مشرقی ہندوستان میں گنیش کی سب سے بلند مورتی ہے۔ اس سال یہ مورتی عقیدت مندوں کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بننے کی توقع ہے۔

فاتاسل امباری کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یوتھ کلب اور تیلگو ایسوسی ایشن مشترکہ طور پر اس سال گنیش چترتھی کا اہتمام کر رہے ہیں۔ دونوں تنظیموں کی جانب سے تیاریوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ منتظمین کے مطابق وہ گزشتہ 40 سال سے گنیش چترتھی کا انعقاد کر رہے ہیں۔

منتظمین نے اے این آئی کو بتایا کہ اس سے قبل 41 فٹ اور 35 فٹ بلند مورتی تیار کی جا چکی ہے۔ تاہم اس سال 45 فٹ بلند مورتی بنائی گئی ہے۔ اسے پلاسٹک اور مصنوعی رنگوں کے بغیر ماحول دوست طریقے سے تیار کیا گیا ہے۔

کلب کے سکریٹری سی گووند نے کہا کہ اس سال مورتی کا مرکزی موضوع آسام کے معروف گلوکار اور ثقافتی آئیکن زوبین گرگ کے نام وقف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مورتی زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد کو تازہ رکھنے کے لیے وقف کی گئی ہے۔ انہیں امید ہے کہ گوہاٹی اور پورے آسام کے لوگ اس تقریب سے لطف اندوز ہوں گے۔

تیلگو ایسوسی ایشن کے رکن ڈی کے کاماراجو نے بتایا کہ گنیش چترتھی کی تقریبات 7 روز تک جاری رہیں گی۔ یہ پروگرام 14 ستمبر سے 20 ستمبر تک منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی رکن اسمبلی۔ رکن پارلیمنٹ اور دیگر وزراء کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

گنیش چترتھی ہندوؤں کا 10 روزہ مذہبی تہوار ہے جو بھگوان گنیش کی پیدائش کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر گھروں اور عوامی مقامات پر گنیش کی مورتیاں نصب کی جاتی ہیں۔ پوجا اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اور آخر میں مورتیوں کو جلوس کے ساتھ دریا یا دیگر آبی مقامات میں وسرجت کیا جاتا ہے۔

اس سال گنیش چترتھی 14 ستمبر کو منائی جائے گی۔