اوسلو: ہندوستان اور ناروے نے ماحولیات کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیات سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کی 12ویں میٹنگ 10 اور 11 ستمبر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہوئی، جس میں سمندری آلودگی، پلاسٹک اور کیمیائی آلودگی، ماحولیاتی تحقیق، کچرے کی ری سائیکلنگ، موسمیاتی تبدیلی اور سمندروں کے پائیدار انتظام سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ناروے میں ہندوستانی سفارتخانے کے مطابق یہ میٹنگ گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے تعاون کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ ہندوستانی وفد کی قیادت وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے سکریٹری تنمے کمار نے کی۔ میٹنگ میں پلاسٹک آلودگی، سرکلر اکانومی، موسمیاتی تبدیلی، کاربن اخراج، کاربن مارکیٹ اور سمندروں کے پائیدار انتظام پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان سمندری آلودگی، ماحولیاتی تحقیق، پلاسٹک اور کیمیائی آلودگی، کچرے کی ری سائیکلنگ اور سمندری وسائل کے انتظام کے شعبوں میں جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ہندوستانی سفارتخانے نے کہا کہ بات چیت کے دوران دونوں ممالک نے گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت ماحولیات اور موسمیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تصدیق کی۔
ہندوستان اور ناروے کے درمیان ماحولیات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھ رہا ہے۔ جون میں ناروے کی ہندوستان میں سفیر مے ایلِن اسٹینر اور وزارت خارجہ میں پالیسی پلاننگ اینڈ ریسرچ کی جوائنٹ سکریٹری اپرنا رے کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ اس دوران بدلتی ہوئی عالمی ترجیحات اور ہندوستان و ناروے کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
اس ملاقات کے بعد ناروے کی سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ دونوں ملکوں نے عالمی ترجیحات میں آنے والی تبدیلیوں اور ہندوستان و ناروے کی کثیر جہتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات کی۔ ہندوستان اور ناروے کے تعلقات میں اہم پیش رفت مئی میں ہوئی، جب وزیر اعظم نریندر مودی نے ناروے کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا اور انڈیا-نورڈک سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔
دورے کے دوران مودی نے اوسلو میں ناروے کے وزیر اعظم جوناس گار اسٹور سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ اس شراکت داری کے تحت صاف توانائی، پائیدار ترقی، بلیو اکانومی، گرین شپنگ اور دیگر ماحول دوست شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ جدت، تحقیق، تعلیم، صحت، ہنرمندی کی ترقی اور دیگر شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ وزیر اعظم مودی نے اس دورے کے دوران کہا تھا کہ ناروے کا انڈو پیسیفک اوشنز انیشی ایٹو میں شامل ہونا بھی خوش آئند ہے۔
مودی اور اسٹور نے بزنس اینڈ ریسرچ سمٹ میں بھی شرکت کی، جہاں ہندوستانی وزیر اعظم نے ہندوستان میں اقتصادی اصلاحات کے عمل پر روشنی ڈالی اور ناروے کی کمپنیوں کو صاف توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔ دورۂ ناروے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو ناروے کا اعلیٰ ترین اعزاز ’گرینڈ کراس آف دی رائل ناروےجین آرڈر آف میرٹ‘ بھی دیا گیا۔