کابل: طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان کو کسی بھی پاکستانی فوجی کارروائی کے خلاف اپنی سرزمین کے دفاع کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان نے افغانستان کے اندر حملے کیے تو کابل کی جانب سے سخت جواب دیا جائے گا۔العربیہ انگلش کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ افغان سرزمین کو عسکریت پسند گروپوں کی بھرتی۔ تربیت اور پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر پاکستان افغان سرزمین کی حرمت کی خلاف ورزی کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتا ہے تو افغانستان کو اپنے ملک کے دفاع کا حق حاصل ہے اور وہ اس حق کا استعمال کرے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ افغانستان کے اندر کسی بھی فوجی کارروائی کو افغان خودمختاری کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس کے نتیجے میں کابل کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آسکتا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد کا یہ بیان پاکستانی فوج کے ترجمان کی جانب سے العربیہ انگلش کو دیے گئے ایک سابقہ انٹرویو کے بعد سامنے آیا۔ پاکستانی فوجی عہدیدار نے الزام عائد کیا تھا کہ عسکریت پسند گروپ افغان سرزمین پر جنگجوؤں کو بھرتی۔ تربیت اور مسلح کررہے ہیں جو بعد میں پاکستان کے اندر حملے کرتے ہیں۔طالبان ترجمان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کابل تحریک طالبان پاکستان یعنی ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین سے کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ طالبان انتظامیہ دوسرے ممالک کے خلاف حملے کرنے والے مسلح گروپوں کی حمایت کرتی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے اس کے بجائے پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنے داخلی سیکیورٹی مسائل پر توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی اور بلوچ مسلح گروپوں سے متعلق بدامنی افغانستان میں طالبان کی دوبارہ اقتدار میں واپسی سے پہلے کی ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کابل اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ پاکستان مغربی سرحد پر عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بارہا تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے۔
فوجی کارروائی کے خلاف انتباہ کے باوجود ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور دو طرفہ تعاون کے بہتر نظام قائم کرنے پر زور دیا۔طالبان ترجمان نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی میں سعودی عرب کے زیادہ فعال کردار کا بھی خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کے افغانستان اور پاکستان دونوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ اختلافات دور کرنے کی کوششوں میں مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔طالبان اس سے قبل بھی پاکستان کے ساتھ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت پر زور دیتا رہا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد مسلسل ان عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں۔