رسکن بونڈ کے شہرہ آفاق ناول ’دی روم آن دی روف‘ کا نیا روپ، گرافک ناول کی شکل میں اجرا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2026
رسکن بون کے شہرۂ آفاق ناول ’دی روم آن دی روف‘ کا نیا روپ، گرافک ناول کی شکل میں اجرا
رسکن بون کے شہرۂ آفاق ناول ’دی روم آن دی روف‘ کا نیا روپ، گرافک ناول کی شکل میں اجرا

 



دہرہ دون: معروف ہندوستانی مصنف رسکن بون کے پہلے ناول ’دی روم آن دی روف‘ کو شائع ہوئے 70 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر ان کے اس شہرۂ آفاق ناول کو ایک نئے انداز میں گرافک ناول کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس شہر دہرہ دون میں 17 سال کی عمر میں رسکن بون نے اس ناول کی تحریر کا آغاز کیا تھا، اسی شہر میں اس کے 70 سالہ خصوصی ایڈیشن کا اجرا عمل میں آیا۔ اس تقریب کے ساتھ ہی دہرہ دون لٹریچر فیسٹیول کے آٹھویں ایڈیشن کی سرگرمیوں کا بھی آغاز ہوا۔ 92 سالہ رسکن بون خود اس تقریب میں شریک نہیں ہوسکے، تاہم انہوں نے اپنے نوجوان قارئین کے نام ایک خصوصی خط بھیجا، جسے ان کی پوتی شرشٹی بون نے تقریب میں پڑھ کر سنایا۔

اس خط میں مصنف نے ناول کی تخلیق کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اسے دہرہ دون ہی میں لکھا تھا۔ اس وقت ان کے ذہن میں ایک نوجوان کے خواب تھے، کہانیوں کا ایک جہان آباد تھا اور انہیں اس بات کا ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ زندگی انہیں کہاں لے جائے گی۔ رسکن بون نے اس بات پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا کہ 7 دہائیوں گزرنے کے باوجود بچے آج بھی اس ناول کو پڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس کتاب کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ یہ 3 نسلوں تک پہنچ چکی ہے۔ پہلے دادا دادی اور نانا نانی نے اسے پڑھا، پھر والدین نے اور اب تیسری نسل کے بچے بھی اس سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

انہوں نے اسے کتابوں کا حقیقی جادو قرار دیا۔ سوُمیا اوبرائے کی بنائی ہوئی تصویروں سے مزین یہ نیا گرافک ایڈیشن محض ایک یادگاری اشاعت نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد نئی نسل کو رسکن بون کی تخلیقی دنیا سے متعارف کرانا بھی ہے۔ اس ناول میں دوستی، پہلی محبت، آزادی اور اپنی ذات کو پہچاننے جیسے موضوعات کو جس خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے، وہ آج بھی قارئین کے لیے کشش رکھتا ہے۔ 1956 میں پہلی بار شائع ہونے والا ’دی روم آن دی روف‘ ایک 16 سالہ لڑکے رسٹی کی کہانی ہے، جو اپنے سخت گیر انگریز سرپرست کے گھر سے نکل کر دہرہ دون میں ایک چھت پر کمرہ کرائے پر لیتا ہے اور اپنے ہندوستانی دوستوں کے ساتھ رہنے لگتا ہے۔

پابندیوں بھری زندگی سے نکل کر آزادی کی فضا میں قدم رکھنے والا رسٹی اس دوران دوستی، معصوم محبت اور اپنی ذات کو سمجھنے کے نئے تجربات سے گزرتا ہے۔ رسکن بون نے اپنے خط میں نوجوان قارئین کو زندگی کے بارے میں ایک اہم پیغام بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہمیشہ غیر معمولی تجربات یا بڑے واقعات میں نہیں ملتی، بلکہ اکثر ہماری روزمرہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی چیزوں میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ موسم کی پہلی بارش، پہاڑی راستوں پر چہل قدمی، کسی دوست سے گفتگو، کھڑکی کے باہر پرندوں کی آواز یا کسی پرسکون دوپہر میں اچھی کتاب کا مطالعہ بھی خوشی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ زندگی کی ان چھوٹی خوشیوں کو محسوس کرنے کے لیے وقت ضرور نکالیں۔ دنیا کو دیکھنے کے لیے اپنی آنکھیں، نئے خیالات قبول کرنے کے لیے اپنے ذہن اور دوسروں کے لیے اپنے دل کھلے رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متجسس رہیں، زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں، بے خوف ہوکر لکھیں، سوال پوچھیں، غلطیوں سے نہ گھبرائیں اور اپنی اصل شخصیت کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زندگی کو بامعنی بنانے کے لیے کسی غیر معمولی شخصیت میں تبدیل ہونا ضروری نہیں، کیونکہ ہر انسان کے اپنے وجود میں پہلے ہی کچھ غیر معمولی بات موجود ہوتی ہے۔ 1934 میں قصاولی میں پیدا ہونے والے رسکن بون نے اپنا بچپن جام نگر، شملہ، نئی دہلی اور دہرہ دون میں گزارا۔ وہ اب تک 500 سے زیادہ افسانے، مضامین اور طویل کہانیاں لکھ چکے ہیں، جب کہ بچوں کے لیے ان کی کتابوں کی تعداد 50 سے زیادہ ہے۔ آزادی کے بعد کے ہندوستان میں ہمالیہ کے دامن میں واقع دہرہ دون کے پس منظر میں لکھے گئے اس ناول میں نوجوانی، آزادی اور اپنائیت کے احساسات کو بڑی خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے۔

نئے گرافک ایڈیشن میں ان کی دل نشیں نثر کو تصویروں کے ذریعے ایک نئی بصری شکل دی گئی ہے، تاکہ آج کے نوجوان قارئین بھی اس کہانی سے آسانی سے جڑ سکیں۔ پینگوئن رینڈم ہاؤس انڈیا کی بچوں اور نوجوانوں کی کتابوں کی ناشر سوہنی مترا کے مطابق، گرافک ناول کی یہ شکل نوجوان قارئین کو رسکن بون کی ادبی دنیا میں داخل ہونے کا ایک نیا راستہ فراہم کرے گی اور ممکن ہے کہ اس کے ذریعے وہ اصل ناول اور مصنف کی دوسری کتابوں کی طرف بھی راغب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے ایڈیشن کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ اصل ناول کی جگہ لینے یا اسے نئے سرے سے لکھنے کی کوشش نہیں کرتا، بلکہ قارئین کے لیے اس تک پہنچنے کا ایک اور دروازہ کھولتا ہے۔ انہوں نے دہرہ دون لٹریچر فیسٹیول میں اس خصوصی ایڈیشن کی اشاعت پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کتاب کی قیمت 699 روپے رکھی گئی ہے اور یہ آن لائن و آف لائن دونوں طرح کی کتابوں کی دکانوں پر دستیاب ہے۔