فریحہ انجم: ایشین بک آف ورلڈ ریکارڈزمیں آسام کی کم عمر شاعرہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2026
 فریحہ انجم:  ایشین بک آف ورلڈ ریکارڈزمیں آسام کی کم عمر شاعرہ
فریحہ انجم: ایشین بک آف ورلڈ ریکارڈزمیں آسام کی کم عمر شاعرہ

 



عارف الاسلام/گوہاٹی

ایک ایسے وقت میں جب بہت سے نوجوان اپنا زیادہ تر وقت موبائل فون اور سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں، آسام کی ایک کم عمر شاعرہ نے اپنے الفاظ کی طاقت سے عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ آسام کے ضلع کامروپ کے رنگیا کی رہنے والی جماعت نہم کی طالبہ فریحہ انجم نے اپنی غیر معمولی ادبی صلاحیت کے باعث ایشین بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ حاصل کر کے آسام کا نام روشن کیا ہے۔ یہ باصلاحیت طالبہ اب تک 300 سے زیادہ نظمیں لکھ چکی ہیں جو اس کم عمری میں ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔

فریحہ کا نام ایشین بک آف ورلڈ ریکارڈز میں "لو لیٹرز ٹو مدر" کے لیے ان کی دل کو چھو لینے والی ادبی پیش کش پر درج کیا گیا۔ یہ عالمی ادبی مہم نئی دہلی کے بلیو اسٹار پبلیکیشنز کی جانب سے مدرز ڈے کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ اس پروگرام کا مقصد نظموں خطوط اور کہانیوں کے ذریعے ماں کی لازوال اور بے لوث محبت کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

دنیا کے مختلف حصوں سے 700 سے زیادہ ادیبوں نے اس منفرد ادبی پروگرام میں حصہ لیا اور اپنی تخلیقات کے ذریعے ماؤں کی قربانیوں ان کی بے شرط محبت اور زندگی میں ان کے بے مثال کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ فریحہ کی جذبات سے بھرپور نظم سیکڑوں تحریروں میں نمایاں رہی اور انہیں اس باوقار ریکارڈ بک میں جگہ دلانے کا سبب بنی۔

بیت اللہ سائقیہ اور روما بیگم کی بیٹی فریحہ نے ثابت کر دیا کہ جب صلاحیت لگن اور جذبہ ایک ساتھ ہوں تو عمر کبھی رکاوٹ نہیں بنتی۔ رنگیا کے ایس ای آر ایس پبلک اسکول کی طالبہ فریحہ کو بچپن ہی سے ادب خصوصاً شاعری سے گہرا شغف رہا ہے۔ ان کا منفرد اسلوب جذبات کی گہرائی اور زبان پر مضبوط گرفت انہیں پہلے ہی وسیع پیمانے پر پذیرائی دلا چکی ہے۔

فریحہ نے کہا۔"مجھے بچپن ہی سے لکھنے کا شوق تھا۔ میں نے جماعت پنجم میں مضامین اور نظمیں لکھنا شروع کیں۔ میں انگریزی اور ہندی دونوں زبانوں میں لکھتی ہوں اور قومی و بین الاقوامی آن لائن ادبی مقابلوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتی ہوں۔ میں نے نئی دہلی کے بلیو اسٹار پبلیکیشنز کی جانب سے منعقدہ مدرز ڈے مقابلے میں بھی حصہ لیا جس کے ذریعے میرا نام ایشین بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج ہوا۔"

جماعت نہم کی طالبہ ہونے کے باوجود فریحہ اپنا پہلا شعری مجموعہ "Ceiling Know All My Secrets"شائع کر چکی ہیں جس میں 100 نظمیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ایک ناول اور ایک اور شعری مجموعہ بھی مکمل ہو چکا ہے جو اگلے ماہ شائع ہونے والا ہے اور اس وقت طباعت کے مرحلے میں ہے۔

ان کا ادبی سفر مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ فریحہ نے ابتدا میں آن لائن ادبی پلیٹ فارم Writer Connect Indiaمیں ایک شریک کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی اور بعد میں انہیں اس پلیٹ فارم کا شریک بانی مقرر کیا گیا۔ وہ اس وقت ایک فلم کے اسکرین پلے پر بھی کام کر رہی ہیں جو ان کی تخلیقی دلچسپیوں کے تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔

اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فریحہ کے والد بیت اللہ سائقیہ نے کہا۔میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میری بیٹی اتنی کم عمر میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ مجھے اس پر بے حد فخر ہے۔ میں نے بچپن ہی سے ہمیشہ کوشش کی کہ اسے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کروں۔"جیسے ہی فریحہ کی کامیابی کی خبر پھیلی ان کے گھر مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ ان کے اساتذہ ہم جماعت طلبہ اور ایس ای آر ایس پبلک اسکول کی انتظامیہ نے بھی ان کی اس کامیابی کا بھرپور جشن منایا۔

اساتذہ نے فریحہ کو نہ صرف ایک بہترین طالبہ بلکہ غیر معمولی ادبی صلاحیتوں کی مالک قرار دیا۔ ان کے ایک استاد نے کہا کہ عالمی سطح پر حاصل ہونے والی یہ کامیابی اسکول کے لیے باعث فخر ہے اور اس سے دوسرے طلبہ بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ترغیب حاصل کریں گے۔

مقامی رہائشی پریتم ہزاریکا نے کہا کہ "لو لیٹرز ٹو مدر" پروگرام کے ذریعے فریحہ کو ملنے والا یہ اعزاز جو ماں اور اولاد کے لازوال رشتے کو خوبصورتی سے پیش کرتا ہے یقیناً انہیں ادبی دنیا میں مزید بلند مقام حاصل کرنے کی تحریک دے گا۔

فریحہ کا حوصلہ افزا سفر اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ اگر انسان کے پاس تخیل مستقل مزاجی اور محنت ہو تو ایک چھوٹے سے قصبے کا نوجوان بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا سکتا ہے۔ ہزاریکا نے کہا کہ فریحہ کی یہ کامیابی آسام کے بے شمار نوجوانوں کو ادب تخلیقی صلاحیتوں اور اپنے خوابوں کی بے شمار امکانات سے بھرپور دنیا کی طرف راغب کرے گی۔