تنوی پتری نے یوتھ اولمپکس میں تاریخ رقم کی، چاندی کا تمغہ جیتا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2026
تنوی پتری نے یوتھ اولمپکس میں تاریخ رقم کی، چاندی کا تمغہ جیتا
تنوی پتری نے یوتھ اولمپکس میں تاریخ رقم کی، چاندی کا تمغہ جیتا

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویا نے ہندوستان کی نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی تنوی پتری کو یوتھ اولمپک گیمز 2026 میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ تنوی اس مقابلے میں بیڈمنٹن کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ مانڈویا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں 15 سالہ کھلاڑی کی اس تاریخی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا، ’’ہندوستان کی بیٹی پتری نے یوتھ اولمپک گیمز 2026 میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ ان کھیلوں میں بیڈمنٹن کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔‘‘

تنوی نے جمعرات کو سینیگال کے شہر ڈاکار میں خواتین کے سنگلز مقابلے کے فائنل میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ انہیں عالمی جونیئر چیمپئن ژانگ یی شِن کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی کھلاڑی نے شاندار مقابلہ کیا، لیکن وہ 15-21، 21-13، 26-24 سے ہار گئیں۔ یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 22 منٹ تک جاری رہا۔ تنوی نے اس دوران میچ پوائنٹس کے 6 مواقع بچائے اور خود بھی گولڈ میڈل جیتنے کے 3 مواقع حاصل کیے، لیکن چینی کھلاڑی بالآخر کامیاب رہیں۔ تنوی نے فائنل کا آغاز محتاط انداز میں کیا، تاہم پہلے گیم میں انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل 7 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس طرح وہ 3-5 کے خسارے سے نکل کر 10-5 کی برتری پر پہنچ گئیں۔

ان کے مؤثر شاٹس اور نیٹ پر بہتر کھیل نے انہیں پہلا گیم 15-21 سے جیتنے میں مدد دی۔ دوسرے گیم میں بھی ہندوستانی کھلاڑی نے اچھی شروعات کی اور 4-0 کی برتری حاصل کرلی، لیکن ژانگ نے آہستہ آہستہ کھیل پر گرفت مضبوط کی۔ تنوی کے شاٹس پر ہوا کے رخ کے اثرات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چینی کھلاڑی نے دوسرا گیم 21-13 سے جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔ فیصلہ کن گیم میں تنوی نے غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ ژانگ نے ایک وقت 19-10 کی مضبوط برتری حاصل کرلی تھی، لیکن تنوی نے ہمت نہیں ہاری اور اس فرق کو کم کرکے 19-15 تک پہنچا دیا۔ ژانگ نے میچ ختم کرنے کے 5 مواقع حاصل کیے، لیکن تنوی نے ان سب کو ناکام بنا دیا۔

اس کے بعد تنوی کو بھی مقابلہ اپنے نام کرنے کے 3 مواقع ملے، تاہم چینی کھلاڑی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے گیم 26-24 سے جیت لیا اور گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ تنوی پتری یوتھ اولمپک گیمز میں خواتین کے سنگلز بیڈمنٹن مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔