رونالڈو نے کچھ ایسا کیا ۔۔۔۔کوکا کولا کو ’اربوں ڈالر کا نقصان ہوگیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-06-2021
زور کا جھٹکا
زور کا جھٹکا

 

 

بوداپسٹ:دنیا بھر میں کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے نامور شخصیات کا انتخاب کرتی ہیں کیونکہ انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ صارفین ان سلیبریٹیز کی وجہ سے ان کی پراڈکٹ کی طرف مائل ہوں گے۔لیکن اگر یہی سلیبریٹیز کسی پراڈکٹ کے خلاف کوئی پیغام دے دیں تو یہ اس کمپنی کے لیے مالی طور پر ایک بڑا دھچکا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ایسا ہی کچھ دنیا کی مقبول سافٹ ڈرنک کمپنی کوکا کولا کے ساتھ ہوا جب پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا دیں۔

 برطانوی اخبار ’دا گارڈین‘ کے مطابق پیر کو یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ میں 36 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے بوداپسٹ پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا کر ایک طرف رکھ دیں اور پانی کی بوتل اٹھا کر پرتگالی زبان میں کہا ’ایگوا‘۔۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو کوکا کولا کے بجائے پانی پینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

رونالڈو کے اس عمل کے بعد کوکا کولا کے شیئرز غیرمعمولی حد تک گر گئے اور سافٹ ڈرنک کی مارکیٹ ویلیو 242 ارب ڈالر سے 238 ارب ڈالر پر چلی گئی۔کوکا کولا کمپنی جو یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کو سپانسر کر رہی ہے، نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہر کسی کو اپنے ذائقے اور ضرورت کے مطابق اپنے لیے مشروب کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے۔

یوروز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کھلاڑیوں کو پریس کانفرنس کے دوران پانی کے ساتھ ساتھ کوکا کولا اور کوکا کولا زیرو بھی پیش کی جاتی ہے۔‘سوشل میڈیا پر بھی رونالڈو کا یہ ویڈیو کلپ وائرل ہے اور صارفین کی بڑی تعداد ان کے اس عمل کو ’مثبت پیغام‘ قرار دیتے ہوئے سراہ رہی ہے۔