جامعہ ملیہ اسلامیہ :منا خالد نے جیتا چین کے پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل میں برونز میڈل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-09-2026
جامعہ ملیہ اسلامیہ :منا خالد نے  جیتا چین کے پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل میں برونز میڈل
جامعہ ملیہ اسلامیہ :منا خالد نے جیتا چین کے پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل میں برونز میڈل

 



نئی دہلی، 10 ستمبر 2026: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ہندی میں پی ایچ ڈی اسکالر منا خالد نے چین پیرا بیڈمنٹن انٹرنیشنل 2026 میں کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ یہ چیمپئن شپ 31 اگست سے 5 ستمبر 2026 تک چین کے شہر بیجنگ میں منعقد ہوئی، جس کا اہتمام بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن نے کیا تھا۔

مردوں کے ڈبلز زمرے میں منا خالد اور ان کے ساتھی ششانک کمار کو سیمی فائنل میں چین کی جوڑی کے ہاتھوں 21-12 اور 21-18 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں انہیں کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔منا خالد اب تک ہندوستان کے لیے 11 بین الاقوامی تمغے جیت چکے ہیں، جن میں 2 طلائی، 2 چاندی اور 7 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔

پیرا بیڈمنٹن میں ان کی نمایاں کامیابیوں کے اعتراف میں منا خالد کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ’آئی ایم گیم‘ کی جانب سے ’پیرا ایتھلیٹ آف دی ایئر 2026 گولڈ ونر‘ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔منا خالد کا خواب ہے کہ وہ آئندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس، ایشین پیرا گیمز 2026 اور پیرالمپکس 2028 میں ملک، اپنی ریاست اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کا نام روشن کریں۔

تعلیم اور کھیل دونوں میدانوں میں یکساں لگن رکھنے والے منا خالد اس وقت جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ہندی ادب میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اسی یونیورسٹی سے بی اے آنرز، ایم ایس ڈبلیو اور ہندی میں ایم اے کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف نے منا خالد کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مسجل پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے بھی ٹورنامنٹ میں کامیابی پر منا خالد کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ کھیل و کود کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر نفیس احمد نے بھی اپنے دفتر میں منا خالد کی کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کا نام روشن کرنے پر منا خالد کی لگن اور سخت محنت کی تعریف کی اور مستقبل کی کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔