چینی : ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ہندوستان نے زمبابوے ( کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ جمعرات کو چنئی میں کھیلے گئے میچ میں 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی۔
زمبابوے کی جانب سے برائن بینٹ 97 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سکندر رضا نے 31 رنز اسکور کیے۔ ہندوستان کے لیے ارشدیپ سنگھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
بیٹرز کی دھواں دار کارکردگی
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن یہ فیصلہ اس کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میں شکست کے بعد ہندوستانی بیٹرز نے بھرپور واپسی کی اور کمزور بولنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھکوں اور چوکوں کی بارش کر دی۔ مجموعی طور پر 17 چھکے لگائے گئے اور ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مجموعی اسکور 256 رنز بنا ڈالا۔
ابھشیک شرما نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 55 رنز بنائے۔ ہاردک پانڈیا 50 اور تلک ورما 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
سیمی فائنل کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں
بڑی فتح کے باوجود ہندوستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔ ویسٹ انڈیز کے لیے بھی یہ میچ فیصلہ کن ہوگا کیونکہ شکست کی صورت میں وہ بھی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔
گروپ اے میں جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ اب ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والا مقابلہ طے کرے گا کہ اس گروپ سے دوسری ٹیم کون سی ہوگی جو سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔