آئچی ناگویا۔ ہندوستانی روئنگ جوڑی ستنام سنگھ اور سلمان خان نے جمعرات کو جاری ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے ڈبل اسکلز فائنل میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ستنام اور سلمان نے 6:13.25 کا وقت نکالا۔ وہ طلائی تمغہ جیتنے والی چین کی یی شودی اور نی ییڈے کی جوڑی سے 3.48 سیکنڈ پیچھے رہے جبکہ چاندی کا تمغہ جیتنے والی میخروج بیک مامتکولوف اور پاویل سورین کی جوڑی سے 2.76 سیکنڈ پیچھے رہے۔
ستنام اور سلمان نے 500 میٹر 1000 میٹر اور 1500 میٹر کے مرحلوں میں دوسری پوزیشن برقرار رکھی۔ ایک وقت میں وہ چینی جوڑی سے صرف نصف سیکنڈ پیچھے تھے۔ تاہم آخری مرحلے میں ان کی رفتار کچھ کم ہوئی اور انہیں کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔اس تمغے کے ساتھ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ ہندوستان نے اب تک 1 طلائی 5 چاندی اور 7 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔
مردوں کے سنگلز اسکلز مقابلے میں بالراج پوار تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہے اور چوتھی پوزیشن پر رہے۔ بالراج نے 500 میٹر 1000 میٹر اور 1500 میٹر تک دوسری پوزیشن برقرار رکھی تھی۔ تاہم آخری 500 میٹر میں ازبکستان کے شخ بوز خولمرازایف اور جاپان کے تاتسویا ساکوراما نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔
بالراج آخری مرحلے سے قبل ساکوراما سے تقریباً 5 سیکنڈ آگے تھے لیکن اختتام پر وہ ان سے 8 سیکنڈ پیچھے رہے۔ بالراج نے 6:54.80 کا وقت نکالا اور طلائی تمغہ جیتنے والے چین کے ژی وی ڈینگ سے 15 سیکنڈ پیچھے رہے۔