انطالیہ: بھارت کے مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی بھوپیندر یادو نے کہا ہے کہ بڑی جنگلی بلیوں (بگ کیٹس) کا تحفظ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (COP31) کے موقع پر ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ’بگ کیٹس: موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں معاون‘ کے عنوان سے اعلیٰ سطح کا وزارتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس کا مشترکہ اہتمام وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی اور انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (IBCA) نے کیا۔
اجلاس میں نیپال، وینزویلا، کمبوڈیا اور سری لنکا سمیت بڑی جنگلی بلیوں کی مختلف اقسام کے مسکن رکھنے والے ممالک کے وزرا اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ رامسر کنونشن اور اقوام متحدہ کے کنونشن ٹو کامبیٹ ڈیزرٹیفکیشن (UNCCD) سمیت بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس میں شرکا اور جنگلی حیات کے تحفظ کے ماہرین نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ بڑی جنگلی بلیوں اور ان کے قدرتی مسکن کا تحفظ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے، ماحولیاتی نظام کی مضبوطی اور پائیدار ترقی میں کس طرح براہِ راست معاون ثابت ہوتا ہے۔
مباحثے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دنیا کی بڑی جنگلی بلیوں کی سات اہم اقسام کا تحفظ کاربن ذخیرہ کرنے والے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھنے، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت بڑھانے اور عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول میں مددگار ہے۔ انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس کے ڈائریکٹر جنرل ایس پی یادو نے مختلف ممالک میں بڑی جنگلی بلیوں کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ شرکا نے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بھارت کے اقدامات کو سراہا، خصوصاً ملک میں چیتوں کی کامیاب دوبارہ آبادکاری کو نمایاں طور پر اجاگر کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھوپیندر یادو نے انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد وزیرِ اعظم نریندر مودی کے تصور کے تحت عالمی سطح پر بڑی جنگلی بلیوں کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور بحالی کو درپیش موجودہ چیلنجز کے تناظر میں یہ اتحاد ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں بھارت اپنے کامیاب حفاظتی تجربات اور طریقہ کار دیگر ممالک کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔ اس کے ذریعے سرحد پار معلومات کا تبادلہ، بین الاقوامی تعاون اور دنیا بھر میں بڑی جنگلی بلیوں کی ساتوں اقسام کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وزیر نے کہا کہ بھارت میں شیروں کے تحفظ کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ سیاسی عزم، مضبوط ادارے، مسلسل مالی وسائل اور مقامی برادریوں کی فعال شمولیت کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ کو ماحولیاتی سلامتی، موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بڑی جنگلی بلیوں کا تحفظ کاربن سے بھرپور قدرتی علاقوں کو محفوظ رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
ان کے مطابق اگرچہ یہ جانور براہِ راست کاربن جذب نہیں کرتے، لیکن ان کے قدرتی مسکن کی حفاظت سے جنگلات، گھاس کے میدان، آبی علاقے اور پہاڑی خطے محفوظ رہتے ہیں، جو بڑی مقدار میں کاربن ذخیرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی مسکن کی تباہی سے پیدا ہونے والے کاربن اخراج کو کم کرنے اور ماحولیاتی نظام کی موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت بڑھانے میں بھی ان علاقوں کا تحفظ اہم ہے۔ بڑی جنگلی بلیاں ایک اہم حفاظتی نوع (Umbrella Species) کی حیثیت رکھتی ہیں، یعنی ان کے تحفظ سے پورے ماحولیاتی نظام اور ان میں موجود دیگر بے شمار انواع کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔
اس کے ساتھ ان علاقوں پر انحصار کرنے والی مقامی آبادیوں کے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو بھی تحفظ ملتا ہے۔ بھوپیندر یادو نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ قدرتی وسائل پر مبنی موسمیاتی اقدامات کا بنیادی حصہ ہونا چاہیے، جو کاربن اخراج میں کمی کے اہداف کی تکمیل کے ساتھ حیاتیاتی تنوع اور مقامی آبادیوں کے روزگار کے لیے بھی فوائد فراہم کرتا ہے۔ بھارت کی شیروں کے تحفظ کی حکمت عملیوں کو قدرتی وسائل پر مبنی حل کی مثال قرار دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک کے 58 ٹائیگر ریزروز تقریباً 85 ہزار مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں، جو وسیع جنگلاتی نظام اور کاربن کے اہم ذخائر کو محفوظ رکھتے ہیں۔
ان علاقوں سے کاربن جذب کرنے، پانی صاف کرنے، مٹی کے تحفظ اور زیرِ زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے جیسی اہم ماحولیاتی خدمات حاصل ہوتی ہیں۔ ان محفوظ علاقوں سے 600 سے زائد دریا نکلتے ہیں یا ان کے درمیان سے گزرتے ہیں۔ وزیر نے بھارت میں جنگلی حیات کے تحفظ کی کامیابیوں کا سہرا مسلسل سیاسی عزم، سخت قوانین اور مضبوط ادارہ جاتی نگرانی کو بھی دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 1972ء کے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ اور قانونی حیثیت رکھنے والے نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی (NTCA) کی نگرانی میں شروع کیے گئے پروجیکٹ ٹائیگر نے شیروں کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط انتظامی نظام قائم کیا ہے۔
سال 2022ء میں بھارت میں جنگلی شیروں کی تعداد بڑھ کر 3,682 ہو گئی تھی، جو دنیا بھر میں موجود جنگلی شیروں کی مجموعی آبادی کا 70 فیصد سے زیادہ ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے مسلسل مالی وسائل کی فراہمی، جنگلاتی علاقوں میں تعینات عملے کی محنت، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی، سائنسی طریقہ کار اور مقامی برادریوں کی شمولیت کا نتیجہ ہے۔