یوگی آدتیہ ناتھ کا ماؤں کے نام جذباتی خط، محروم خواتین کی مدد کی اپیل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
یوگی آدتیہ ناتھ کا ماؤں کے نام جذباتی خط، محروم خواتین کی مدد کی اپیل
یوگی آدتیہ ناتھ کا ماؤں کے نام جذباتی خط، محروم خواتین کی مدد کی اپیل

 



لکھنؤ: اترپردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز ماؤں کے نام ایک جذباتی خط تحریر کیا، جس میں انہوں نے اپنی مرحومہ والدہ ساوتری دیوی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے لوگوں سے بے سہارا، محروم اور مصیبت زدہ ماؤں کا سہارا بننے کی اپیل کی ہے۔ یہ خط یوگی آدتیہ ناتھ کی والدہ ساوتری دیوی کے 91 برس کی عمر میں جمعہ کے روز انتقال کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ سناتن دھرم کی ابدی اقدار میں ماں کی تعظیم کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے ریاست کے ہر شہری سے اپیل کی کہ وہ ایسی ماؤں کی مدد کا عہد کرے جن کا کوئی سہارا نہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھا کہ بعض قرض کبھی ادا نہیں کیے جاسکتے، تاہم اپنے فرائض ضرور پورے کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد سے وہ ریاست کی ماؤں کے تئیں اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ماں کی حقیقی عزت یہی ہوگی کہ ریاست کا ہر شہری ایسی ماں کا سہارا بننے کا عہد کرے جس کے پاس مدد کے لیے کوئی نہ ہو، محرومی کا شکار ماں کے دکھ کو سمجھے اور پریشان حال ماں کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کی کوشش کرے۔

’یوگی کی پاتی‘ (یوگی کا خط) کے عنوان سے تحریر کردہ اس خط میں وزیرِاعلیٰ نے اسے صرف ’ماں‘ کے نام کیا اور ماں کی موجودگی، محبت اور اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ خط ہر اس ماں کے نام ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔ ماں صرف بچے کو جنم دینے والی ہستی نہیں بلکہ کائنات کی ماں ہے، یہاں تک کہ خدا کی بھی ماں ہوتی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھارتی روایات میں ماؤں کی قربانیوں اور تربیت کا ذکر کرتے ہوئے بھگوان رام کی جلاوطنی کے وقت ماتا کوشلیا کی دعاؤں اور بھگوان کرشن کے اپنی والدہ کی خواہش پر متھرا سے گوکل جانے کے واقعات یاد کیے

انہوں نے لکھا کہ آج ایک مرتبہ پھر ہر ماں کی یاد میں ان کی آنکھیں نم ہوجاتی ہیں۔ ماں کی تربیت اور اقدار ہی کسی بچے کو دھرو، پرہلاد یا ایک نیک انسان بنا سکتی ہیں۔ ماں کسی کی بھی جگہ لے سکتی ہے، لیکن دنیا میں کوئی بھی ماں کی جگہ نہیں لے سکتا۔ ماں کی محبت دنیا کا سب سے خوبصورت جذبہ ہے۔ اپنی مرحومہ والدہ کو یاد کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے لکھا کہ ماں کا دنیا سے چلے جانا صرف ایک شخص کی جدائی نہیں بلکہ جذباتی تحفظ، بے لوث محبت اور گھر کے گہرے سائے سے محرومی کے مترادف ہے۔ انہوں نے اپنی والدہ کو اپنا پہلا استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ان کی محترم والدہ نے ابدی سفر اختیار کیا تو زندگی کا ایک خاص واقعہ ان کی آنکھوں کے سامنے گھومنے لگا۔

اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ سنیاس اختیار کرنے کے تین سال سے زائد عرصے بعد وہ زعفرانی لباس میں اپنے آبائی گھر کی دہلیز پر پہنچے تھے۔ گورکھپور سے پنچور تک کے اس سفر کے دوران ان کے دل میں مختلف جذبات موجزن تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سنیاس کی روایت کے ایک اہم مذہبی رسم کے مطابق انہوں نے بھیک کے لیے آواز لگائی تو ان کی والدہ باہر آئیں، لیکن انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا تھا۔ یوگی کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ سے کہا کہ ’’ماں، مجھے بھیک دے دیجیے۔‘‘ اس پر والدہ نے خود کو سنبھالتے ہوئے پوچھا کہ بیٹا، تم نے اپنی یہ کیا حالت بنا لی ہے؟ کیا گھر میں کسی چیز کی کمی تھی کہ تم بھیک مانگنے لگے؟

وزیرِاعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے جواب دیا کہ سنیاس اختیار کرنا ان کا فرض ہے اور ایک یوگی کی بھوک صرف بھیک سے ہی مٹ سکتی ہے۔ وہ گھر میں رہنے نہیں بلکہ بھیک لینے آئے ہیں اور والدہ جو کچھ بھی دیں گی، اسی سے ان کا مقصد پورا ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ماں کی محبت نے سنیاس اختیار کرنے والے اپنے بیٹے کے عزم کا احترام کیا۔ واضح رہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز ہریدوار کے چندی گھاٹ پر اپنی والدہ کی آخری رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے وزیرِاعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، یوگ گرو بابا رام دیو اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

وزیرِاعلیٰ یوگی نے اتراکھنڈ کے ضلع پاؤڑی گڑھوال میں واقع اپنے آبائی گاؤں پنچور میں والدہ کا جسدِ خاکی اپنے کندھوں پر اٹھایا اور ان کی تصویر پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کے والدہ کے انتقال پر مختلف سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا۔ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے بھی جمعہ کے روز یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔