ہریدوار: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز ہریدوار کے چندی گھاٹ پر اپنی والدہ ساوتری دیوی کی آخری رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، یوگ گرو بابا رام دیو اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ ساوتری دیوی کا جمعہ کی صبح 91 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی آخری رسومات چندی گھاٹ پر ادا کی گئیں، جہاں متعدد سیاسی رہنماؤں، مذہبی شخصیات اور دیگر لوگوں نے پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ نے اتراکھنڈ کے ضلع پوڑی گڑھوال میں واقع اپنے آبائی گاؤں پنچور میں والدہ کی ارتھی کو کندھا دیا تھا۔
انہوں نے والدہ کی تصویر پر پھولوں کا ہار بھی چڑھایا۔ اس موقع پر وہ جذباتی بھی نظر آئے۔ یوگ گرو بابا رام دیو نے ساوتری دیوی کے انتقال پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ایک خوش نصیب ماں قرار دیا، جنہوں نے ایسے بیٹے کو جنم دیا جو ملک اور سناتن دھرم کے لیے باعث فخر ہے۔ رام دیو نے کہا، ’’91 سال کی عمر میں قابل احترام ماتا ساوتری دیوی نے اپنا جسم چھوڑ کر پرماتما کے قدموں میں سکون حاصل کرلیا ہے۔ ہم انہیں محض ایک عام ماں نہیں بلکہ قوم کی ماں سمجھتے ہیں، جنہوں نے ایسے بیٹے کو جنم دیا جو سناتن دھرم اور ملک کا فخر ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ناتھ، سدھ، سنیاس اور رشی روایات کو وقار بخشا ہے۔
رام دیو نے کہا، ’’ہزاروں برسوں کے بعد اس دھرتی پر کوئی خوش نصیب روح جنم لیتی ہے اور ایسی عظیم شخصیت کو جنم دینے والی ماں کا بطن بھی اتنا ہی بابرکت ہوتا ہے۔ ماتا ساوتری دیوی خوش قسمت تھیں کہ انہوں نے یوگی آدتیہ ناتھ جیسے بہادر، نامور اور روشن شخصیت کے حامل یوگی اور سنت کو جنم دیا۔‘‘ انہوں نے مرحومہ کی ابدی شانتی اور نجات کے لیے بھی دعا کی۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بھی ساوتری دیوی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور ذاتی صدمے کے باوجود عوامی فرائض انجام دینے پر یوگی آدتیہ ناتھ کی ستائش کی۔ دھامی نے صحافیوں سے کہا، ’’یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی والدہ اس دنیا سے رخصت ہوگئی ہیں۔ ہم پرماتما سے دعا کرتے ہیں کہ انہیں اپنے قدموں میں جگہ عطا فرمائے۔ یوگی جی جس طرح اس غم کے باوجود سماج کی خدمت میں مصروف ہیں، وہ ان کی فرض شناسی کا ثبوت ہے۔ خدا انہیں اس مشکل وقت میں ہمت عطا فرمائے۔‘
‘ سماجوادی پارٹی کے رہنما اعظم خان نے بھی اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں اور ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر عطا فرمائے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی مرحومہ کی روح کے سکون اور نجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے ساوتری دیوی کی اس تربیت کو سراہا جس کے نتیجے میں ان کے بیٹے کئی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے اور دو مرتبہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ بنے۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بھی سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی محبت اور دعائیں اپنی اولاد کو دی گئی اقدار کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی جمعہ کے روز یوگی آدتیہ ناتھ سے فون پر بات کرکے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ والدہ کے انتقال کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے سوشل میڈیا پر مختصر پیغام میں لکھا، ’’ماں... اوم شانتی۔‘‘ اس کے علاوہ، ماتا ساوتری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مہیلا مورچہ پردیش پرواس میٹنگ میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس اجلاس میں اتر پردیش کے نائب وزرائے اعلیٰ برجیش پاٹھک اور کیشو پرساد موریہ کے علاوہ ریاستی بی جے پی صدر پنکج چودھری بھی موجود تھے۔