کیرالہ میں ٹرین کے اندر خاتون کو ہراساں کیا، شکایت کی بات پر پٹائی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
کیرالہ میں ٹرین کے اندر خاتون کو ہراساں کیا، شکایت کی بات پر پٹائی
کیرالہ میں ٹرین کے اندر خاتون کو ہراساں کیا، شکایت کی بات پر پٹائی

 



ترواننت پور: کیرالہ میں منگل کو مالابار ایکسپریس ٹرین میں ایک شخص نے مبینہ طور پر 25 سالہ خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا اور پولیس سے شکایت کرنے کی بات کہنے پر اس کی پٹائی کردی۔ تھمپانور ریلوے پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ 39 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 74 (خاتون کی عزت مجروح کرنے کے ارادے سے حملہ یا مجرمانہ طاقت کا استعمال)، 75 (جنسی ہراسانی)، 115 (جان بوجھ کر چوٹ پہنچانا) اور 125 (غلط طریقے سے روکنا) کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق، خاتون روزانہ کی طرح اپنے کام پر جانے کے لیے چیراینکیژو سے ٹرین میں سوار ہوئی تھی۔ وہ ترواننت پورم شہر میں واقع ایک اسپتال کے شعبہ تعلقات عامہ میں کام کرتی ہے۔ سفر کے دوران ملزم مسلسل اسے نامناسب طریقے سے چھوتا رہا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدا میں خاتون کو لگا کہ ٹرین میں بہت زیادہ بھیڑ ہونے کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے، لیکن بعد میں اسے ملزم کے رویے پر شک ہوا اور اس نے اعتراض کیا۔ خاتون نے پیٹا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے اترتے وقت ملزم سے کہا کہ وہ اس کی شکایت پولیس سے کرے گی۔

پولیس کے مطابق، یہ سنتے ہی ملزم غصے میں آگیا اور اس نے خاتون کی پٹائی شروع کردی۔ حملے کے نتیجے میں خاتون پلیٹ فارم پر بے ہوش ہوکر گر پڑی۔ یہ منظر دیکھ کر پلیٹ فارم پر موجود لوگوں نے مداخلت کی اور ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ خاتون نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر اس کے چہرے پر مکا مارا اور اسے ٹرین سے دھکا دے کر پلیٹ فارم پر گرا دیا۔ اس نے کہا کہ ملزم اسے لات مارنے والا تھا، لیکن وہاں موجود لوگوں نے اسے روک لیا۔ خاتون نے بتایا، ’’اس نے مجھے گالیاں بھی دیں۔‘‘ پولیس کے مطابق، ملزم کے خلاف اس سے پہلے بھی اٹنگل میں مارپیٹ کا ایک مقدمہ درج ہے۔