نئی دہلی: وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے فلم ’رامائن‘ کے پروڈیوسروں پر راون جیسے راکشس راجہ کی شبیہ کو عظیم بنا کر پیش کرنے کی بدنیتی پر مبنی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے سنسر بورڈ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے اور فلم کی نمائش پر فوری روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وی ایچ پی کے جنرل سکریٹری بجرنگ لال باگڑا نے فلم ’رامائن‘ کی ریلیز کے چند دن بعد الزام لگایا کہ اس میں مہارشی والمیکی کی تصنیف کردہ رزمیہ داستان سے ہٹ کر کئی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور من گھڑت واقعات شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے فلم سے کئی اہم کرداروں کو جان بوجھ کر خارج کیے جانے پر بھی سخت ناراضگی ظاہر کی۔ باگڑا نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فلم بھگوان رام کے ایک ارب سے زیادہ ہندو عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کرکے ایک سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھگوان رام کے آفاقی کردار کے لازمی حصے رہے اہلیہ کے ادھار (اہلیہ کا نجات پانا)، نشاد راج گُہ سے دوستی اور کیوٹ کی عقیدت جیسے واقعات کا فلم میں کوئی ذکر تک نہیں کیا گیا ہے۔ وی ایچ پی کے جنرل سکریٹری نے کہا، ’’اس کے بجائے بھگوان رام کی جانب سے سماج کے دشمنوں اور رشی منیوں کی روحانی تپسیا، یگیوں اور گروکلوں میں رکاوٹیں ڈالنے والے راکشسوں کا خاتمہ کرنے کی مہم کو ایک ایسی ذاتی لڑائی کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو ان کی اہلیہ کے اغوا کے بدلے کے جذبے سے متاثر تھی۔‘‘ باگڑا نے الزام لگایا کہ یہ فلم مغرور راون کی عظمت بیان کرکے اور اسے مظلوموں کے نجات دہندہ کے طور پر پیش کرکے ایک سیاسی بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کرتی ہے۔
وی ایچ پی رہنما نے کہا کہ راون علم، عقیدت اور طاقت کی بلند ترین سطح پر ہونے کے باوجود غیر اخلاقی کردار کا مالک تھا، کیونکہ اس نے اپنے تکبر کے زیر اثر کائنات کی ہر مخلوق کو خوفزدہ کیا اور اسے اذیتیں پہنچائیں۔ انہوں نے کہا، ’’رامائن کے ہر نسخے میں اس بات کی واضح طور پر وضاحت ملتی ہے۔‘‘ وی ایچ پی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ اس فلم نے لاکھوں ہندوؤں کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچائی ہے، جن کا بھگوان رام اور رامائن پر گہرا عقیدہ ہے۔ یہ ایک ایسی روایت ہے جو کئی ہزار برسوں سے چلی آ رہی ہے۔