ممبئی: سر دوراب جی ٹاٹا ٹرسٹ کے ٹرسٹی وینو سرینواسن نے مہاراشٹر کے چیریٹی کمشنر سے ٹرسٹ میں مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے نویل ٹاٹا کی تاحیات ٹرسٹی کی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ٹاٹا سنز کی مجوزہ لسٹنگ کے معاملے میں انہیں ووٹ دینے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ چیریٹی کمشنر اور گریٹر ممبئی ریجن کے ڈپٹی یا اسسٹنٹ چیریٹی کمشنر کو بھیجے گئے خط میں سرینواسن نے تحقیقات مکمل ہونے تک نویل ٹاٹا کی ٹرسٹ اور ٹاٹا سنز سے متعلق بعض فیصلوں میں شرکت پر پابندی اور ٹرسٹ کے بورڈ میں کسی بھی تبدیلی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سرینواسن نے نویل ٹاٹا کی تقرری اور تاحیات ٹرسٹی کی حیثیت برقرار رکھنے، ٹاٹا ٹرسٹس کے چیئرمین بننے کی بنیاد، نیز نیول ٹاٹا کی تقرری کے حالات اور متعلقہ فیصلے کے عمل سے خود کو مبینہ طور پر الگ رکھے جانے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے چیریٹی کمشنر سے سر دوراب جی ٹاٹا ٹرسٹ اور اس کے ٹرسٹیوں کے ٹاٹا سنز کے تجارتی اور اسٹریٹجک معاملات میں کردار کا بھی جائزہ لینے کی درخواست کی۔
اپنے کردار پر عائد کی جانے والی مبینہ پابندیوں پر اعتراض کرتے ہوئے سرینواسن نے خط میں لکھا، ’’16 ستمبر 2026 کو ایس ڈی ٹی ٹی نے سرکولر ریزولوشن نمبر 107 جاری کیا، جس کے ذریعے مجھے، ٹاٹا سنز کے بورڈ میں ایس آر ٹی ٹی اور ایس ڈی ٹی ٹی کی جانب سے مشترکہ طور پر مقرر کردہ نامزد ڈائریکٹر کی حیثیت سے، ٹاٹا سنز کی مجوزہ لسٹنگ سے متعلق معاملات میں شرکت یا ووٹ دینے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔‘‘ ایس آر ٹی ٹی سے مراد سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ ہے۔ سرینواسن نے الزام لگایا کہ اس قرارداد کا مقصد انہیں آزادانہ طور پر فیصلہ کرنے سے روکنا تھا، کیونکہ ان کا موقف بعض دوسرے ٹرسٹیوں سے مختلف تھا۔
انہوں نے لکھا، ’’زیادہ بنیادی بات یہ ہے کہ یہ ایس ڈی ٹی ٹی کے اندر طاقت اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش تھی اور اس کے ذریعے یہ طے کرنے کی کوشش کی گئی کہ ٹاٹا سنز کو کیا کرنا چاہیے، بجائے اس کے کہ اس کے بورڈ کو دستیاب متبادل راستوں کا غیر جانب دارانہ طور پر جائزہ لینے دیا جائے۔‘‘ انہوں نے اس معاملے کو نومبر 2025 میں اپنے مبینہ اخراج سے جوڑتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف آرا کو دبانے اور فیصلے کا اختیار ٹرسٹیوں کے ایک محدود گروپ تک رکھنے کی مسلسل کوشش کا حصہ ہے۔ خط میں ٹرسٹ کی جانب سے ٹاٹا سنز کے تجارتی معاملات میں ممکنہ شمولیت کے ٹرسٹ کی فلاحی حیثیت اور ٹیکس سے حاصل رعایتوں پر پڑنے والے اثرات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ سرینواسن نے ٹاٹا ٹرسٹس کے 17 ستمبر کے ان بیانات کا حوالہ دیا، جن میں ٹاٹا سنز کو اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ نہ کرنے کی بات کہی گئی تھی۔
انہوں نے نویل ٹاٹا کی جانب سے ٹاٹا سنز کے بورڈ کے سامنے ایس پی گروپ کو اس کی حصص داری سے رقم حاصل کرنے کے ذریعے مالی سہولت فراہم کرنے کی تجویز کا بھی ذکر کیا۔ خط کے مطابق اس تجویز میں دو مرحلوں میں حصص خریدنے، نیشنل کمپنی لا ٹریبونل کے ذریعے مخصوص سرمایہ میں کمی اور مختلف ذرائع سے مالی وسائل حاصل کرنے کا منصوبہ شامل تھا۔ سرینواسن نے الزام لگایا کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے ٹرسٹ براہ راست بڑے تجارتی معاملات کی نشاندہی، مذاکرات اور ان کے نفاذ کی کوششوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’’اس طرح ٹرسٹی ٹرسٹ اور اس کے فلاحی اثاثوں کو ایسے تجارتی معاملات میں براہ راست شامل کرکے ممکنہ طور پر بہت بڑے مالی نتائج کا سامنا کرنے کے خطرے میں ڈال رہے ہیں، جو شاید اس کے فلاحی مقاصد سے براہ راست متعلق نہ ہوں۔‘
‘ سرینواسن نے انکم ٹیکس ایکٹ 2025 کی دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی شمولیت سے ٹرسٹ کی ٹیکس رجسٹریشن اور حاصل رعایتیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں اس کے فلاحی اثاثوں پر بھی نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقات میں الزامات درست پائے جاتے ہیں تو متعلقہ ٹرسٹیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، جس میں ان کی معطلی یا عہدے سے ہٹانا بھی شامل ہو سکتا ہے۔
سرینواسن نے عبوری اقدامات کے طور پر نویل ٹاٹا کو ٹاٹا سنز کی جنرل میٹنگز میں ایس ڈی ٹی ٹی یا دیگر شیئر ہولڈنگ ٹرسٹس کی جانب سے ووٹ دینے سے روکنے اور ٹاٹا سنز کے ایسوسی ایشن آف آرٹیکلز کے آرٹیکل 121 کے دائرے میں آنے والے بورڈ فیصلوں سے الگ رہنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے چیریٹی کمشنر سے یہ بھی درخواست کی کہ انسپکٹر کی تحقیقات کی رپورٹ اور مزید ہدایات آنے تک ایس ڈی ٹی ٹی کی انتظامیہ، نظم و نسق یا تشکیل سے متعلق میٹنگز، سرکولر ریزولوشنز اور دیگر کارروائیوں کو روک دیا جائے۔ ٹاٹا ٹرسٹس نے 17 ستمبر کو جاری بیان میں کہا تھا کہ اس نے ٹاٹا سنز کو عوامی طور پر لسٹ کرنے پر رضامندی نہیں دی ہے اور تمام دستیاب متبادل راستوں کا جائزہ لینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ٹرسٹس کا کہنا تھا کہ فلاحی ملکیت کے ڈھانچے کو برقرار رکھنا ٹاٹا گروپ کے عوامی مقصد کا ایک بنیادی حصہ ہے۔