نئی دہلی: جن صارفین نے آدھار ای-کے وائی سی مکمل نہیں کرائی ہے، وہ یکم اکتوبر سے 14.2 کلو کا گھریلو ایل پی جی سلنڈر مقررہ قیمت پر بک نہیں کرا سکیں گے۔ ایسے صارفین کو 5 کلو کے فری ٹریڈ ایل پی جی (ایف ٹی ایل) یا 10 کلو کے کمپوزٹ فائبر سلنڈر خریدنے یا ری فل کرانے کا اختیار ہوگا۔
ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق یہ نیا ضابطہ جمعرات سے نافذ ہوگیا ہے۔ اب سبسڈی کے ساتھ مقررہ خوردہ قیمت پر گھریلو ایل پی جی ری فل حاصل کرنے کے لیے بایومیٹرک آدھار تصدیق (بی اے اے) لازمی ہوگی۔ جن صارفین نے تصدیق مکمل کرلی ہے، انہیں پہلے کی طرح گھریلو ایل پی جی سلنڈر ملتا رہے گا، جبکہ تصدیق مکمل نہ کرنے والے صارفین مقررہ قیمت پر 14.2 کلو کا سلنڈر بک نہیں کرا سکیں گے۔ آدھار کی یہ شرط یکم اکتوبر سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کی گئی تبدیلی کے ساتھ نافذ ہوئی ہے۔
دہلی میں 19 کلو کے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 62.50 روپے کا اضافہ کرکے اسے 2,810 روپے کردیا گیا ہے، جبکہ 5 کلو کے ایف ٹی ایل سلنڈر کی قیمت 15.50 روپے بڑھ کر 779.50 روپے ہوگئی ہے۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس کے مطابق 19 ستمبر تک 27.43 کروڑ فعال گھریلو ایل پی جی صارفین، یعنی کل صارفین کے 89.9 فیصد نے آدھار تصدیق مکمل کرلی تھی۔ جن صارفین نے یہ عمل پہلے ہی مکمل کرلیا ہے، انہیں مزید کوئی کارروائی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
آدھار کی تصدیق ایل پی جی کی ڈیلیوری کے وقت، ڈسٹری بیوٹر کے شوروم میں یا تینوں سرکاری تیل کمپنیوں کی موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ انڈین صارفین ’انڈین آئل ون‘ ایپ، بھارت گیس صارفین ’ہیلو بی پی سی ایل‘ اور ایچ پی گیس صارفین ’ایچ پی پے‘ ایپ کے ذریعے تصدیق مکمل کرسکتے ہیں۔ وزارت نے پہلے کہا تھا کہ جو صارفین آدھار تصدیق کرانے کے خواہش مند نہیں ہیں یا کسی وجہ سے اسے مکمل نہیں کرسکتے، انہیں ایل پی جی ملتا رہے گا، لیکن انہیں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ڈیجیٹل ذرائع سے اپنی پسند کا اندراج کرانا ہوگا۔
ایسے صارفین کو مقامی دستیابی کے مطابق 5 کلو یا 10 کلو کے سلنڈر مارکیٹ کی نافذ قیمت پر فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق آدھار تصدیق کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ سبسڈی والا ایل پی جی حقیقی اور اہل گھرانوں تک پہنچے۔ اس کے ساتھ گھریلو سلنڈروں کو تجارتی اور صنعتی استعمال کے لیے منتقل کیے جانے سے روکنا اور جعلی، اضافی یا غیر اہل کنکشن ختم کرنا بھی اس عمل کا مقصد ہے۔ وزارت کے مطابق ستمبر میں 14.2 کلو کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر پر بالواسطہ سبسڈی تقریباً 210 روپے تھی، جو جون میں 721 روپے تھی۔ حکومت مالی سال 2025-26 اور 2026-27 کے دوران سرکاری تیل کمپنیوں کو معاوضے کے طور پر 30 ہزار کروڑ روپے فراہم کر رہی ہے۔