نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کناٹ پلیس کے سینٹرل پارک میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے احتجاج کے خلاف فوری ہدایت جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ تہواروں کے موسم میں اس احتجاج سے ان کے کاروبار کو بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے۔ چیف جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوی مالیہ باگچی کی بنچ نے لوگوں کو ہونے والی پریشانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں امید ہے کہ سب لوگ عقل سے کام لیں گے۔‘‘ عدالت نے کہا کہ اس معاملے کی سماعت دشہرہ کی تعطیلات کے بعد 26 اکتوبر کو کی جائے گی۔ یہ عرضی دہلی کرانہ کمیٹی اور دہلی آئرن اینڈ ہارڈویئر مرچنٹس ایسوسی ایشن نے دائر کی تھی۔
عرضی گزاروں کو خدشہ تھا کہ مجوزہ احتجاج اور نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کی جانب سے علاقے میں سرگرمیوں پر پابندی سے کاروبار کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تاجروں کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل جے اننت دیہادرائی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس خلل کے باعث روزانہ تقریباً 200 کروڑ روپے کے کاروبار پر اثر پڑ سکتا ہے، خصوصاً تہواروں کے موسم میں۔ جسٹس باگچی نے کہا، ’’یہ الگ الگ معاملے نہیں ہیں، بلکہ سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے، کوئی مونگ پھلی بیچنا چاہتا ہے اور کسی کی ذمہ داری امن و قانون برقرار رکھنا ہے۔ یہ سب ایک دوسرے سے متعلق ہیں۔‘‘
جسٹس باگچی نے مشاہدہ کیا کہ مظاہرین کے مطالبات، تاجروں کے خدشات اور امن و قانون برقرار رکھنے کے ذمہ دار حکام کی ذمہ داریاں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اس بات سے واقف ہے کہ تہواروں کے موسم میں کاروبار میں خلل پڑنے سے چھوٹے دکانداروں اور ان کے اہل خانہ کو کتنی پریشانی ہو سکتی ہے۔ بنچ نے کہا، ’’ہمیں امید ہے کہ سب لوگ سمجھ داری سے کام لیں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ چھوٹے دکاندار انہی دنوں میں اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس صورت حال سے پورے پورے خاندانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘‘
جسٹس باگچی نے کہا کہ عدالت اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا این ڈی ایم سی کی جانب سے عائد پابندیاں ضرورت سے زیادہ سخت ہیں۔ اگر یہ ثابت ہوا کہ تاجروں کو غیر قانونی طور پر کاروباری نقصان پہنچا ہے تو عدالت آئینی خلاف ورزی اور عوامی قانون کے اصولوں کے تحت معاوضے پر غور کر سکتی ہے۔ جج نے کہا، ’’اگر کاروبار کا نقصان ہوتا ہے اور ہم یہ طے کرتے ہیں کہ آپ کے موکلوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر ایسا کیا گیا ہے تو ہم آئینی خلاف ورزی سے متعلق اپنے اختیارات استعمال کریں گے۔ جب صورت حال سامنے آئے گی، تب اس سے نمٹنے کا فیصلہ کریں گے۔