پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں کی آن لائن ذہن سازی کی جانچ کرے گی این آئی اے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-11-2026
پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں کی آن لائن ذہن سازی کی جانچ کرے گی این آئی اے
پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں کی آن لائن ذہن سازی کی جانچ کرے گی این آئی اے

 



نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی اور پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے دیگر ایجنٹوں کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں کو آن لائن بنیاد پرستی کی طرف مائل کرنے اور ملک میں دہشت گردانہ حملوں کی سازش رچنے کے معاملے کی جانچ کے لیے مقدمہ درج کیا ہے۔ سرکاری حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ یہ جانچ اتر پردیش انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی جانب سے رواں سال اپریل میں درج کیے گئے ایک مقدمے کی بنیاد پر شروع کی گئی ہے۔ اس معاملے میں درج ایف آئی آر میں 8 ملزمان کے نام شامل ہیں، جن میں پاکستان میں مقیم آئی ایس آئی ایجنٹ شہزاد بھٹی بھی شامل ہے۔ آئی ایس آئی پاکستان کی خفیہ ایجنسی ہے۔

مرکزی حکومت نے رواں سال ستمبر میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) قانون (یو اے پی اے) کے تحت پاکستان میں سرگرم شہزاد بھٹی نیٹ ورک (ایس بی این) کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ مرکز نے یہ کارروائی اس بنیاد پر کی تھی کہ اس نیٹ ورک کے دہشت گردی میں ملوث ہونے اور ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے شواہد سامنے آئے تھے۔ این آئی اے کی ایف آئی آر میں دیگر ملزمان کے طور پر محمد حامد برکاتی، عابد جٹ، میجر حامد اور میجر اقبال کے نام بھی شامل ہیں۔ یہ سبھی آئی ایس آئی کے ایجنٹ بتائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں مقیم میجر انور کو بھی ملزم بنایا گیا ہے

این آئی اے نے اتر پردیش کے رہنے والے تشار چوہان عرف حزب اللہ علی خان اور دہلی کے رہنے والے سمیر کو بھی اس معاملے میں ملزم نامزد کیا ہے۔ ان دونوں کو رواں سال اپریل میں اتر پردیش اے ٹی ایس نے گرفتار کیا تھا۔ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی سلیپر سیل تیار کرنے کی سرگرمیوں کی جانچ کر رہی اتر پردیش اے ٹی ایس کو پتہ چلا تھا کہ یہ دونوں مبینہ طور پر پاکستانی آپریٹوز کے براہ راست رابطے میں تھے اور کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی، عابد جٹ اور پاکستان کے بنیاد پرست یوٹیوبرز مبینہ طور پر آئی ایس آئی کی ہدایت پر ہندوستانی نوجوانوں کو بنیاد پرستی کی طرف مائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہیں مالی لالچ دے کر ملک کے اندرونی امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کے لیے اکسایا جا رہا تھا۔ اتر پردیش کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (امن و قانون) امیتابھ یش نے بتایا تھا کہ ان عناصر کا مقصد ہندوستانی نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسا کر ملک میں بدامنی پھیلانا تھا۔