لشکر طیبہ کا آخری مقامی سرگرم جنگجو بھی ہلاک ہوگیا: امیت شاہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2026
 لشکر طیبہ کا آخری مقامی سرگرم جنگجو بھی ہلاک ہوگیا: امیت شاہ
لشکر طیبہ کا آخری مقامی سرگرم جنگجو بھی ہلاک ہوگیا: امیت شاہ

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں لشکر طیبہ کے کمانڈر لطیف بھٹ کو ہلاک کرنے کے لیے کیے گئے مشترکہ آپریشن پر جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور خفیہ ایجنسیوں کی مربوط کوششوں کو سراہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا، ’’قوم جموں و کشمیر پولیس، فوج، سی آر پی ایف کے بہادر جوانوں اور خفیہ ایجنسیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ مربوط کارروائی کے نتیجے میں وادی کشمیر میں لشکر طیبہ کا آخری معلوم مقامی سرگرم جنگجو لطیف بھٹ ہلاک کردیا گیا ہے۔

امیت شاہ نے اپنے پیغام میں کہا، ’’جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کی مشترکہ کوششوں سے آج علی الصبح کولگام میں ایک آپریشن کے دوران وادی میں لشکر طیبہ کے آخری معلوم سرگرم مقامی دہشت گرد لطیف بھٹ کو ہلاک کردیا گیا۔ اس کا ایک ساتھی عمر نثار بھی اس سے ایک روز قبل کولگام میں مارا گیا تھا۔ اس پورے آپریشن میں مختلف اداروں کے درمیان انتہائی اعلیٰ سطح کا تال میل دیکھنے میں آیا۔‘‘ پولیس ذرائع کے مطابق لشکر طیبہ کا کمانڈر لطیف بھٹ بدھ کے روز کولگام ضلع میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارا گیا۔

آپریشن کے دوران لطیف بھٹ ایک مسجد کے اندر محصور ہوگیا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے اسے متعدد مرتبہ خودسپردگی کرنے کی اپیل کی، تاہم اس نے انکار کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مسجد کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ کشمیر زون پولیس کے مطابق جھڑپ کے مقام سے ہلاک ہونے والے جنگجو کی لاش کے ساتھ ایک ہتھیار بھی برآمد کیا گیا ہے۔ کشمیر زون پولیس نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے جنگجو کی شناخت محمد لطیف بھٹ ساکن خریوان، کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔

دریں اثنا، پولیس نے منگل کے روز بتایا تھا کہ پیر کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارا جانے والا عمر نثار ڈار، 10 نومبر کو لشکر طیبہ کے کمانڈر لطیف بھٹ کے ساتھ مختلف مقامات کی ریکی کرچکا تھا۔ یہ ریکی سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے سے قبل کی گئی تھی۔ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے جاری سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزمان نے میر بار، اکھرن، ہبلیش اور کِیلم کے علاقوں میں مختلف مقامات کی ریکی کی تھی تاکہ اہداف کی نشاندہی اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاسکے۔