الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے مزید فنڈ فراہم کرنے کو تیار ہے حکومت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے مزید فنڈ فراہم کرنے کو تیار ہے حکومت
الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے مزید فنڈ فراہم کرنے کو تیار ہے حکومت

 



:  نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے مشیر ترون کپور نے کہا ہے کہ اگر الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے مختص موجودہ فنڈ ختم ہوجاتا ہے اور مزید مالی مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو حکومت اضافی رقم فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ترون کپور جمعہ کو سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز (سیام) کے نیشنل ای وی چارجنگ ڈے کے موقع پر منعقدہ پروگرام کے دوران صحافیوں سے بات کررہے تھے۔ اس موقع پر صنعتی تنظیم نے پہلی بار ’گروتھ اینڈ ریڈینس فار ای وی انفراسٹرکچر ڈائیلاگ‘ (جی آر آئی ڈی) کا بھی انعقاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے پہلے ہی ایک اسکیم شروع کررکھی ہے اور اس کے لیے مناسب فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ جب یہ رقم خرچ ہوجائے گی اور مزید مالی وسائل کی ضرورت محسوس ہوگی تو حکومت اگلے مرحلے میں اس سلسلے میں کوئی نیا انتظام کرے گی۔ آئندہ مرکزی بجٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کو خصوصی اہمیت دیے جانے سے متعلق سوال پر کپور نے موجودہ سرکاری اسکیموں کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی مزید مدد کی ضرورت ہوگی، حکومت اس کے لیے آگے آئے گی۔ پی ایم ای ڈرائیو اسکیم کے تحت حکومت نے ملک بھر میں عوامی الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کے لیے 2,000 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 28 ستمبر 2026 تک 10 ریاستوں اور 3 تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے 8,147 چارجنگ پوائنٹس نصب کرنے کے لیے 851 کروڑ روپے کی منظوری دی جاچکی تھی۔ اس اسکیم کے تحت بجلی کے گرڈ سے کنکشن اور چارجنگ آلات کی تنصیب کے لیے مالی مدد فراہم کی جاسکتی ہے، جبکہ سبسڈی کی مقدار مقام کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے۔

ترون کپور نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکام) سے بھی اپیل کی کہ وہ الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے باعث مستقبل میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے لیے ابھی سے تیاری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں گاڑیوں کے استعمال کا صرف 25 فیصد حصہ الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل ہوجاتا ہے تو ان کے صارفین بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کے لیے ایک بڑا صارف طبقہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کو اس شعبے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

کپور نے گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ الیکٹرک کاروں کے مزید ماڈل پیش کریں اور صارفین کے لیے چارجنگ کی سہولت کو آسان بنانے کے طریقے تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان کی سڑکوں پر زیادہ سے زیادہ الیکٹرک گاڑیاں دیکھنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے حصول میں صنعت کو بھی قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔