ذاکر نائیک کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی مزید 5 سال کے لیے بڑھا دی گئی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-11-2026
ذاکر نائیک کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی مزید 5 سال کے لیے بڑھا دی گئی
ذاکر نائیک کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی مزید 5 سال کے لیے بڑھا دی گئی

 



نئی دہلی: وزارت داخلہ نے جمعہ کو متنازع اسلامی مبلغ ذاکر نائیک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) پر عائد پابندی کو مزید 5 سال کے لیے بڑھا دیا۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ تنظیم ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جو ملک کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور جن سے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی بنیاد ذاکر نائیک نے فروری 1991 میں ممبئی میں رکھی تھی۔ بعد میں ذاکر نائیک ہندوستان چھوڑ کر ملائیشیا چلے گئے، جہاں انہیں مستقل رہائش حاصل ہوئی۔ وزارت داخلہ نے 17 نومبر 2016 کو آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر 5 سال کے لیے پابندی عائد کی تھی۔

بعد میں 15 نومبر 2021 کو اس پابندی میں مزید توسیع کی گئی۔ موجودہ پابندی 14 نومبر کو ختم ہونے والی تھی، اس لیے وزارت داخلہ نے اب نئی اطلاع جاری کرتے ہوئے پابندی کو مزید 5 سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔ ہندوستانی حکام اور خفیہ ایجنسیوں نے ذاکر نائیک اور آئی آر ایف پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو فروغ دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ وزارت داخلہ نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کی دفعہ 3 کی ذیلی دفعہ (1) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے، ’’غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کی دفعہ 3 کی ذیلی دفعات (1) اور (3) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی حکومت اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتی ہے اور ہدایت کرتی ہے کہ سرکاری گزٹ میں اشاعت کی تاریخ سے یہ نوٹیفکیشن 5 سال کی مدت تک نافذ رہے گا، البتہ مذکورہ ایکٹ کی دفعہ 4 کے تحت جاری ہونے والے کسی حکم کے تابع ہوگا۔‘‘ وزارت داخلہ کے مطابق مرکزی حکومت کا ماننا ہے کہ آئی آر ایف اور اس کے ارکان، بالخصوص تنظیم کے بانی اور صدر ذاکر عبد الکریم نائیک عرف ڈاکٹر ذاکر نائیک، اپنے پیروکاروں کو مذہب کی بنیاد پر مختلف مذہبی برادریوں اور گروہوں کے درمیان اختلاف، دشمنی، نفرت یا بدنیتی کے جذبات پیدا کرنے یا انہیں فروغ دینے کی ترغیب اور مدد دیتے رہے ہیں، جو ملک کی سالمیت اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہے۔

وزارت نے پابندی میں توسیع کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیانات اور تقاریر ’’قابل اعتراض اور تخریبی‘‘ نوعیت کی ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان تقاریر اور بیانات کے ذریعے ذاکر نائیک نے مختلف مذہبی گروہوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو فروغ دیا اور ہندوستان اور بیرون ملک ایک مخصوص مذہب سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے متاثر کیا۔ وزارت نے مزید کہا کہ ذاکر نائیک نے بین الاقوامی سیٹلائٹ ٹی وی نیٹ ورکس، انٹرنیٹ، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں تک بنیاد پرستانہ بیانات اور تقاریر پہنچائیں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اگر آئی آر ایف کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکا اور قابو نہیں کیا گیا تو تنظیم اپنی تخریبی سرگرمیاں جاری رکھنے، ان کارکنوں کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر سکتی ہے جو اب بھی مفرور ہیں، عوام کے ذہنوں کو فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنے کے ذریعے متاثر کر کے ملک کے سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے، ملک مخالف جذبات کو فروغ دے سکتی ہے، عسکریت پسندی کی حمایت کے ذریعے علیحدگی پسندی میں اضافہ کر سکتی ہے اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتی ہے جو ملک کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہوں۔ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کی دفعہ 5 کے تحت قائم کیے گئے ٹریبونل نے یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہ آیا آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دینے کے لیے کافی بنیاد موجود ہے یا نہیں، 22 مئی 2017 اور 30 مارچ 2022 کو اپنے احکامات کے ذریعے تنظیم کو غیر قانونی قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔