سیمیکون انڈیا 2.0 میں 200 چپ ڈیزائن کمپنیوں کا ہدف: ویشنو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2026
سیمیکون انڈیا 2.0 میں 200 چپ ڈیزائن کمپنیوں کا ہدف: ویشنو
سیمیکون انڈیا 2.0 میں 200 چپ ڈیزائن کمپنیوں کا ہدف: ویشنو

 



نئی دہلی: مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کے روز کہا کہ سیمیکون انڈیا 2.0 کے تحت ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر سے متعلق مختلف ضروریات کے لیے چپس ڈیزائن کرنے والے کم از کم 200 اسٹارٹ اپس اور کمپنیوں کو فروغ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

سیمیکون انڈیا 2026 کے دوران ویشنو نے کہا، "سیمیکون 2.0 میں ہمارا ہدف کم از کم 200 اسٹارٹ اپس اور کمپنیوں کو شامل کرنا ہے، جو ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر کی مختلف ضروریات کے لیے چپس ڈیزائن کریں گی۔" انہوں نے بتایا کہ سیمیکون انڈیا 1.0 میں 105 اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا تھا، جن میں سے تقریباً 20 کو مجموعی طور پر 800 کروڑ روپے کی وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔ ویشنو نے کہا کہ سیمیکون انڈیا 2.0 کا دوسرا اہم شعبہ مشینوں اور خام مال پر توجہ مرکوز کرے گا۔

ان کے مطابق، تقریباً 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ وزیر کے مطابق تیسرا شعبہ ڈسپلے، میموری، سلیکان، کمپاؤنڈ اور لاجک ٹیکنالوجی پر توجہ دے گا، جبکہ چوتھا شعبہ جدید پیکیجنگ یونٹس کی تیاری سے متعلق ہوگا۔ انہوں نے کہا، "اوڈیشہ میں تھری ڈی پیکیجنگ یونٹ پہلے ہی قائم کیا جارہا ہے۔"

ویشنو نے بتایا کہ پانچواں شعبہ تحقیق اور ترقی یعنی آر اینڈ ڈی پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس کے تحت صنعت کی جدید ضروریات سے متعلق منصوبے صنعت اور تعلیمی اداروں کے باہمی تعاون سے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا، "یہ کام مکمل طور پر صنعت اور تعلیمی اداروں کی شراکت سے ہوگا۔ یہ کوئی الگ تھلگ تحقیق نہیں ہوگی بلکہ عملی ضرورتوں پر مبنی آر اینڈ ڈی ہوگی۔"

سیمیکون انڈیا 2.0 کے چھٹے شعبے کے بارے میں ویشنو نے کہا کہ اس کا مرکز ہنرمند افرادی قوت کی تیاری ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سیمیکون انڈیا 1.0 کے تحت 10 برسوں میں 85 ہزار ڈیزائن انجینئروں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، لیکن صرف چار برس میں 70 ہزار ڈیزائن انجینئروں کو تربیت دی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہا، "سیمیکون 2.0 میں ہمارا بڑا ہدف ٹیکنیشنز، کلین روم اور فیکٹری فلور کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہوگا۔ ہمارا ہدف ایک لاکھ افراد کو تربیت دینا ہے۔" ویشنو کے مطابق، تربیت حاصل کرنے والے افراد کو ہندوستان میں قائم ہونے والی فیکٹریوں میں براہ راست روزگار ملے گا اور وہ عالمی سطح پر بھی ہنرمند افرادی قوت کا حصہ بن سکیں گے۔ سیمیکون انڈیا 2026 17 سے 19 ستمبر تک منعقد ہورہا ہے۔ اس میں صنعت سے رابطے، پالیسی سازی اور بین الاقوامی شراکت داری پر توجہ دی جارہی ہے۔

وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق اس کانفرنس کا انعقاد انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن، وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور عالمی صنعتی ادارے سیمی (SEMI) مشترکہ طور پر کررہے ہیں۔ اس سال کانفرنس کا موضوع "سلیکان سے سسٹمز تک: ایک مکمل ایکو سسٹم کی تعمیر" رکھا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق تقریب میں 15 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں 600 سے زیادہ نمائش کنندگان شامل ہیں، جن میں 300 بین الاقوامی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 150 سے زیادہ مقررین شرکت کررہے ہیں۔ نمائش میں چھ ملکی پویلین اور 12 ریاستی حکومتوں کے پویلین بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ اسٹارٹ اپس، طلبہ کے ہیکاتھون اور افرادی قوت کی ترقی کے لیے بھی خصوصی شعبے رکھے گئے ہیں۔

تقریب میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کے شعبے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ پیش کیا جائے گا۔ سیمیکون انڈیا پروگرام کے تحت مرکزی حکومت نے اب تک 12 سیمی کنڈکٹر پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے، جن میں سیمیکون انڈیا 1.0 کے تحت منظور کیے گئے تین یونٹس نے تجارتی پیداوار شروع کردی ہے۔ مرکزی کابینہ نے سیمیکون انڈیا پروگرام کے اگلے مرحلے سیمیکون انڈیا 2.0 کو بھی منظوری دے دی ہے، جسے چھ بنیادی شعبوں پر مرکوز کیا گیا ہے۔