نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ لاوارث مالی اثاثوں سے متعلق ایک عرضی میں اٹھائے گئے بنیادی خدشات حکام کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں بڑی حد تک دور ہو چکے ہیں۔ عدالت نے اس معاملے میں مزید نگرانی کی ضرورت سے انکار کرتے ہوئے عرضی نمٹا دی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے یہ فیصلہ صحافی سوچیتا دلال کی جانب سے دائر عرضی پر سنایا۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایسے افراد کے بینک کھاتوں، بیمہ پالیسیوں، جمع شدہ رقوم اور ڈاک خانوں میں موجود مالی اثاثوں کی معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک مرکزی ڈیٹا بیس قائم کیا جائے، جن کا انتقال ہو چکا ہے اور جن کی رقوم پر قانونی وارثوں نے ابھی تک دعویٰ نہیں کیا ہے۔
فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس وکرم ناتھ نے کہا کہ معاملے میں ہونے والی پیش رفت اور عدالت کے سامنے پیش کی گئی تفصیلات کو دیکھتے ہوئے بنچ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ عرضی میں اٹھائے گئے بنیادی مسائل متعلقہ حکام کے اقدامات سے بڑی حد تک حل ہو چکے ہیں۔ عدالت نے اس معاملے کو اٹھانے اور اس کی پیروی کرنے پر عرضی گزار کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔ بنچ نے کہا کہ یہ مقدمہ کسی ذاتی فائدے کے لیے دائر نہیں کیا گیا تھا بلکہ اس کا مقصد بے شمار کھاتہ داروں، سرمایہ کاروں اور ان کے قانونی وارثوں کے مالی مفادات کا تحفظ تھا۔
عدالت نے کہا کہ عرضی گزار مسلسل عام شہریوں کو درپیش ان مشکلات کی جانب توجہ مبذول کراتی رہی ہیں، جنہیں اپنے لاوارث مالی اثاثوں کی شناخت کرنے اور انہیں واپس حاصل کرنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ بنچ نے متعلقہ اداروں کی جانب سے اپنے حلف ناموں میں دیے گئے بیانات اور یقین دہانیوں کو ریکارڈ پر لیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ حکام لاوارث مالی اثاثوں کی شناخت اور ان کی واپسی کے نظام کو مزید قابل رسائی، مؤثر اور شفاف بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ عدالت نے کہا کہ پہلے سے کیے گئے اقدامات کی مزید نگرانی کے لیے عرضی کو زیر التوا رکھنے کا کوئی مفید مقصد نہیں ہے۔
تاہم لاوارث مالی اثاثوں سے متعلق کسی مخصوص شکایت کی صورت میں متعلقہ شخص قانون کے مطابق مجاز اتھارٹی سے رجوع کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ 17 نومبر کو مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ اس نے بینکوں، ڈاک خانوں، میوچل فنڈز اور بیمہ کمپنیوں میں موجود لاوارث رقوم کو متوفی افراد کے قانونی وارثوں تک پہنچانے کے لیے ایک شفاف نظام اختیار کیا ہے۔ حکومت کے مطابق مارچ 2026 تک 3 لاکھ سے زیادہ دعووں پر کارروائی کی جا چکی تھی۔ اس وقت عدالت نے وزارت کارپوریٹ امور، ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) اور عرضی گزار سمیت تمام فریقوں سے تحریری دلائل طلب کرنے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
مرکزی حکومت اور وزارت کارپوریٹ امور کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل این وینکٹ رمن نے عدالت کو بتایا تھا کہ متعلقہ ادارے قانون کے تحت ان رقوم کے انتظام کے پابند ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں شفاف طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ تمام متعلقہ معلومات ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ مارچ 2026 تک 3 لاکھ سے زیادہ دعووں پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے اور ایسے صرف 10 فیصد دعوے زیر التوا ہیں۔ ان کے مطابق 18 اپریل تک 6,453 کروڑ روپے کے لاوارث مالی اثاثے کامیابی کے ساتھ ان کے اصل حق داروں کو واپس کیے جا چکے تھے۔
عرضی گزار کی جانب سے پیش ہوئے وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس عرضی کا تعلق مالی اثاثوں کی 4 اقسام سے ہے، جن میں بینکوں میں جمع رقوم، سکیورٹیز، بیمہ پالیسیاں اور پروویڈنٹ فنڈ (پی ایف) کے کھاتے شامل ہیں۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایسا طریقہ کار وضع کیا جائے جس کے ذریعے متوفی افراد کے قانونی وارثوں کو بینکوں میں جمع رقوم، بیمہ پالیسیوں، ڈاک خانوں میں موجود رقوم اور دیگر مالی اثاثے حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری قانونی کارروائیوں اور مقدمہ بازی سے نہ گزرنا پڑے۔