نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کے ڈاکٹروں نے پیدائش سے قبل ماں کے پیٹ میں موجود بچے کی ریڑھ کی ہڈی کے نقص کو دور کرنے کے لیے ملک کی پہلی اوپن فیٹل سرجری کامیابی سے انجام دی۔ چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اس پیچیدہ آپریشن میں ڈاکٹروں کی متعدد ٹیموں نے حصہ لیا۔ ڈاکٹروں نے اس سرجری کے دوران درپیش چیلنجز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حاملہ خاتون کے رحم کو محفوظ طریقے سے کھولنا اور دوبارہ بند کرنا سب سے بڑے چیلنجز میں شامل تھا۔ اس کے ساتھ آپریشن کے لیے بچے کو رحم کے اندر درست پوزیشن میں لانا بھی انتہائی اہم مرحلہ تھا۔
اے آئی آئی ایم ایس نئی دہلی کے شعبہ امراضِ نسواں و زچگی کی پروفیسر ڈاکٹر کے اپرنا شرما نے خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کا سب سے بڑا چیلنج رحم کو محفوظ طریقے سے کھولنا تھا، کیونکہ خاتون کا حمل جاری تھا۔ اس لیے رحم کو انتہائی احتیاط سے کھولنے کے ساتھ دوبارہ بند کرنا بھی ضروری تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے لیے بچے کی پوزیشن درست کرنا دوسرا بڑا چیلنج تھا۔ ابتدائی طور پر بچے کی کمر نیچے کی جانب تھی، جبکہ ڈاکٹروں کو اسے اوپر کی طرف لانا تھا۔
ڈاکٹر شرما کے مطابق رحم کھولنے کے بعد بچے کو بے ہوشی کی حالت میں احتیاط سے گھمایا گیا تاکہ اس کی ریڑھ کی ہڈی میں موجود متاثرہ حصے کو جراحی کے لیے بنائے گئے شگاف کے سامنے لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے عمل میں سب سے اہم کام بچے کی مسلسل نگرانی تھا۔ اس مقصد کے لیے جدید الٹراساؤنڈ مشین کے ذریعے مسلسل بچے کے دل کی دھڑکن اور حالت پر نظر رکھی گئی تاکہ اس کی خیریت یقینی بنائی جا سکے۔ ڈاکٹر شرما نے مزید بتایا کہ سرجری کی تیاری پانچ ہفتوں تک جاری رہی اور اس دوران کم از کم چھ مرتبہ مشق کی گئی۔ ڈاکٹروں کو امید ہے کہ حمل کو 32 سے 34 ہفتوں تک برقرار رکھنے کے بعد بچے کی پیدائش کرائی جائے گی۔
اے آئی آئی ایم ایس کے شعبہ پلاسٹک سرجری کے ایڈیشنل پروفیسر ڈاکٹر ششانک چوہان نے بتایا کہ اس پیچیدہ آپریشن میں سرجری کی تین ٹیموں اور بے ہوشی کے ماہرین کی دو بنیادی ٹیموں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ماں کو بے ہوش کرنے کے بعد گائناکالوجی اور زچگی کی ٹیم نے آپریشن شروع کیا۔ پہلے پیٹ اور پھر رحم کو کھولا گیا، جس کے بعد رحم میں تقریباً 5 سے 6 سینٹی میٹر کا ایک چھوٹا سا شگاف بنایا گیا۔ ان کے مطابق اس محدود شگاف کے ذریعے بچے کی متاثرہ کمر تک رسائی حاصل کی گئی، جبکہ بچے کے باقی جسم، ناف کی نالی اور نال کو رحم کے اندر ہی محفوظ رکھا گیا۔
ڈاکٹر ششانک چوہان نے بتایا کہ اس کے بعد نیورو سرجری کی ٹیم نے ریڑھ کی ہڈی کو متاثرہ حصے سے آزاد کرنے اور اعصابی بافتوں کی مرمت کا انتہائی احتیاط سے کام انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ حصے کو بند کرنے کے لیے اس کے اطراف کی جلد کو استعمال کیا گیا، تاکہ جلد کو گھما کر نقص والے مقام پر منتقل کیا جا سکے اور زخم کو بغیر کسی غیر ضروری کھنچاؤ کے بند کیا جا سکے۔ ڈاکٹر چوہان کے مطابق جلد کے نقص کو بند کرنے اور خون بہنے کا عمل رکنے کی تصدیق کے بعد گائناکالوجی اور زچگی کی ٹیم نے بچے کو انتہائی احتیاط سے دوبارہ رحم میں پہنچایا۔
اس کے بعد رحم میں نمکین محلول (سیلائن) بھرا گیا اور اسے مرحلہ وار بند کر دیا گیا۔ اے آئی آئی ایم ایس کے شعبہ پلاسٹک سرجری کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نندنی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تقریباً 6 سے 8 سینٹی میٹر کا شگاف بنایا گیا تھا، جس کے ذریعے بچے کی کمر کو باہر کی جانب لایا گیا، جبکہ جسم کے دیگر تمام حصے رحم کے اندر ہی محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کے باقی حصوں کو مسلسل جراثیم سے پاک پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ کر رکھا گیا تاکہ انہیں گرم اور محفوظ رکھا جا سکے۔
اس کے علاوہ بچے کے گرد موجود قدرتی امنیوٹک سیال (Amniotic Fluid) کے مساوی محلول کو مسلسل گرم حالت میں فراہم کیا جاتا رہا۔ ڈاکٹر نندنی کے مطابق ان تمام احتیاطی اقدامات کا مقصد بچے کے جسم کا درجہ حرارت معمول پر رکھنا اور اسے سردی کے باعث ہونے والی پیچیدگی یعنی ہائپوتھرمیا سے محفوظ رکھنا تھا۔ یہ سرجری بھارت میں پیدائش سے قبل بچوں میں ریڑھ کی ہڈی کے پیدائشی نقائص کے علاج کے حوالے سے ایک اہم طبی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔