پونے: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار) کے سربراہ شرد پوار کو بدھ کی صبح پونے کے روبی ہال کلینک سے ڈسچارج کردیا گیا۔ انہیں طبی معائنے اور نگرانی کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ روبی ہال کلینک کے چیف کارڈیولوجسٹ، چیئرمین اور منیجنگ ٹرسٹی ڈاکٹر پرویز کے گرانٹ کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شرد پوار کی حالت مستحکم ہے اور وہ بہتر محسوس کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا، ’’مسٹر شرد پوار کو آج روبی ہال کلینک سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ بہتر ہیں۔ وہ اسپتال سے براہ راست ممبئی میں اپنی رہائش گاہ جائیں گے۔ ہم ان کی اچھی صحت اور جلد مکمل صحت یابی کے خواہش مند ہیں۔‘‘ شرد پوار کے خاندانی دوست وٹھل منیار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام طبی رپورٹیں اطمینان بخش ہیں اور تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ منیّار نے کہا، ’’ان کی طبیعت اچھی ہے اور انہیں کوئی خاص پریشانی نہیں ہے۔ 2 دن پہلے انہیں کھانسی اور بلغم کی شکایت ہوئی تھی، جس کے بعد یہاں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان کے تمام طبی معائنے کیے گئے اور رپورٹیں اچھی آئیں۔ کسی بھی رپورٹ میں ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی جس سے تشویش ہو۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے بھی فون کرکے شرد پوار کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم نے ان کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ان کی ضرورت ہے۔ منیّار نے پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے اپیل کی کہ وہ شرد پوار کی صحت کے حوالے سے پریشان نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوار بالکل ٹھیک ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے مہاراشٹر سمیت ملک بھر کے لوگوں کا ان کی محبت اور فکر مندی کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ 2 نومبر کو کھانسی اور سانس لینے کے دوران سینے میں درد کی شکایت کے بعد سینئر سیاست داں شرد پوار کو روبی ہال کلینک میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی بیٹی، بارامتی کی رکن پارلیمنٹ اور این سی پی (شردچندر پوار) کی کارگزار صدر سپریا سولے نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ ان کے طبی معائنے کیے جارہے ہیں اور صحت سے متعلق تمام اہم اشاریے مستحکم ہیں۔ بعد ازاں اسپتال انتظامیہ نے کہا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر شرد پوار کو کچھ وقت تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔ ان کی حالت مستحکم رہی اور تکلیف بھی کم ہوگئی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی۔ اسپتال میں داخل ہونے سے قبل شرد پوار نے حال ہی میں مہاراشٹر کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔