نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی حمایت یافتہ شاہزاد بھٹی نیٹ ورک (SBN) کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کے تحت دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔ حکومت نے الزام لگایا ہے کہ یہ نیٹ ورک نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف راغب کرنے، ملک مخالف سرگرمیوں کے لیے وسائل جمع کرنے اور پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث رہا ہے۔
وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے یو اے پی اے کی پہلی فہرست میں شاہزاد بھٹی نیٹ ورک کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں 46ویں نمبر پر شامل کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، شاہزاد بھٹی نیٹ ورک کا مقصد نوجوانوں اور مقامی جرائم پیشہ افراد کو ورغلا کر سرحد پار سے ہتھیار، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال کرنا ہے۔
حکومت کے مطابق، اس کی دہشت گردانہ سرگرمیاں ملک کے جمہوری نظام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور داخلی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرتی ہیں۔ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ مختلف ریاستوں اور علاقوں میں ایس بی این سے وابستہ افراد کے خلاف غیر قانونی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مبینہ ملوث ہونے کے سلسلے میں کئی فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ان مقدمات میں بھارتیہ نیائے سنہتا 2023، آرمز ایکٹ 1959، یو اے پی اے 1967، ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ 1908، ایکسپلوسوز ایکٹ 1884، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000، دہلی پریونشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ 2007، آفیشل سیکریٹس ایکٹ 1923 اور امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ 2025 سمیت مختلف قوانین کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ ایس بی این مختلف قسم کے لالچ دے کر نوجوانوں کو انتہا پسند بنا رہا تھا اور انہیں ملک مخالف سرگرمیوں کے لیے تیار کرتا تھا۔
اس کے علاوہ دیگر ممنوعہ تنظیموں اور نامزد اداروں کے ساتھ مل کر وسائل جمع کرنے کا بھی الزام ہے۔ حکومت کے مطابق، یہ نیٹ ورک پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دیتا اور عوامی نظم و نسق میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، جبکہ ڈیجیٹل مواصلاتی پلیٹ فارموں کے ذریعے اشتعال انگیز پیغامات بھی پھیلاتا ہے۔ نوٹیفکیشن میں مرکزی حکومت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ "شاہزاد بھٹی نیٹ ورک دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہندوستان میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں حصہ لے چکا ہے۔" یہ کارروائی تقریباً ایک ماہ قبل 14 ریاستوں میں کی گئی ایک مربوط کارروائی کے بعد ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق، یوم آزادی سے قبل ایس بی این کے خلاف کی گئی اس کارروائی کا مقصد دہشت گردی کے خلاف حکومت کی ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی کے تحت اس نیٹ ورک کو ختم کرنا اور ممکنہ تخریبی حملوں کو روکنا تھا۔ 12 اگست کو ریاستی پولیس فورسز کے ساتھ حقیقی وقت میں خفیہ معلومات کے تبادلے کے نظام کا استعمال کرتے ہوئے متعدد ریاستوں میں کارروائی کی گئی۔ وزارت داخلہ کے مطابق اس دوران 14 ریاستوں میں 253 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں اتر پردیش میں 62، ہریانہ میں 52، دہلی میں 51، پنجاب میں 44، راجستھان میں 15، مہاراشٹر میں 8، اتراکھنڈ میں 5، کرناٹک، گجرات اور بہار میں 3، جبکہ تلنگانہ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور کیرالہ میں 2،2 افراد شامل تھے۔
دہلی اور کرناٹک میں نئے ایف آئی آر بھی درج کیے گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ایس بی این پاکستان میں قائم اور آئی ایس آئی کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورک سے منسلک ہے۔ اس پر ہندوستان کے مختلف علاقوں میں دستی بم، آئی ای ڈی اور پٹرول بم حملوں کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ حکومت کے مطابق، نیٹ ورک مقامی رابطہ کاروں کو پولیس، دفاعی تنصیبات اور مذہبی مقامات کی ریکی کرنے اور جاسوسی کے مقصد سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لیے بھی رقم فراہم کرتا تھا۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ مجموعی طور پر ایس بی این کے خلاف یو اے پی اے، بھارتیہ نیائے سنہتا، آرمز ایکٹ، نارکوٹکس ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹنسز ایکٹ اور ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ کے تحت 80 سے زیادہ ایف آئی آر اور 200 سے زیادہ گرفتاریاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ کارروائیوں کے دوران آئی ای ڈی، پاکستان آرڈننس فیکٹری کے نشانات والے دستی بم، پستول، زندہ کارتوس اور جاسوسی کے لیے استعمال کیے جانے والے سی سی ٹی وی کیمرے برآمد ہونے کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے ان برآمدگیوں کو نیٹ ورک کے سرحد پار روابط کا ثبوت قرار دیا ہے۔