نئی دہلی: بھارت میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن مارکیٹ میں توسیع کی راہ ہموار ہورہی ہے، جہاں ون ویب سروسز کی فراہمی کے لیے تیار ہے، اسٹار لنک حتمی اسپیکٹرم الاٹمنٹ کا منتظر ہے، جبکہ ریلائنس جیو نے 2029 تک بڑے سیٹلائٹ نیٹ ورک کی تیاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ بات بھارتی خلائی ایسوسی ایشن (آئی ایس پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل کمار بھٹ نے پیر کے روز انڈیا انٹرنیشنل اسپیس کانکلیو 2026 کے موقع پر خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ون ویب کے سیٹلائٹس بھارت میں خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ اسٹار لنک کو سروسز شروع کرنے کے لیے حتمی اسپیکٹرم الاٹمنٹ کا انتظار ہے۔
ان کے مطابق اسٹار لنک بھی بہت جلد بھارتی مارکیٹ میں داخل ہونے والا ہے، جبکہ جیو نے 2029 تک بڑے پیمانے پر سیٹلائٹ کمیونیکیشن نیٹ ورک قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بھارت میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن فراہم کرنے والی کمپنیوں کی آمد کے ساتھ مارکیٹ تک رسائی اور مسابقت کے حوالے سے بھی بحث جاری ہے۔ اکتوبر میں اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے الزام عائد کیا تھا کہ طاقتور کاروباری مفادات اپنے موجودہ آپریٹرز کے تحفظ کے لیے اسٹار لنک کی بھارتی مارکیٹ میں آمد روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تاہم بھارتی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لائسنسنگ کا عمل شفاف اور تمام کمپنیوں کے لیے یکساں ہے۔ 6 نومبر کو سرکاری ذرائع نے اے این آئی کو بتایا تھا کہ جیو، ون ویب اور اسٹار لنک تینوں لائسنس حاصل کرچکی ہیں، تاہم تجارتی خدمات کا آغاز اسپیکٹرم کی تقسیم، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے اور سکیورٹی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ ان تینوں کمپنیوں میں اسٹار لنک نے سب سے آخر میں اپنی تعمیلی دستاویزات جمع کرائی تھیں۔ لیفٹیننٹ جنرل انیل کمار بھٹ نے کہا کہ ریگولیٹری عمل جاری رہنے کے دوران اس سال کے انڈیا انٹرنیشنل اسپیس کانکلیو میں بین الاقوامی تعاون اور مالی وسائل کی فراہمی کو دو اہم ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانکلیو میں فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور روس کے وفود شرکت کر رہے ہیں، جبکہ دوسرے روز امریکی وفد کی آمد بھی متوقع ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں، صنعتی کمپنیوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جارہے ہیں۔
بھارت اور فرانس کے خلائی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی لانچنگ سہولتوں کے ذریعے اپنے سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکے ہیں اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ بھارت کے انسانی خلائی پرواز پروگرام گگن یان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مشن میں تاخیر قابلِ قبول ہے کیونکہ انسانوں کو خلا میں بھیجنے کا عمل انتہائی پیچیدہ اور سخت حفاظتی تقاضوں کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات مشن کی کامیابی ہے، اس میں ناکامی کی کوئی گنجائش نہیں، اس لیے چند تاخیر کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔