نئی دہلی: بینکنگ اور بازار کے ماہر اجے باگا نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار ایک بار پھر ہندوستانی شیئر بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ امریکہ، جاپان، جنوبی کوریا اور تائیوان جیسے بازاروں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق سرمایہ کاری سے عالمی فنڈز کا پیچھے ہٹنا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی بازار میں نسبتاً پرکشش قیمتوں اور خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں نے بھی سرمایہ کاری کے لیے ہندوستان کی کشش بڑھا دی ہے۔ نیشنل سکیورٹیز ڈپازٹری لمیٹڈ (این ایس ڈی ایل) کے اعداد و شمار کے مطابق، نومبر میں اب تک غیر ملکی سرمایہ کار ہندوستانی شیئر بازار میں 53,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔
اس سے پہلے مسلسل 2 ماہ تک غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہندوستانی بازار سے اپنا سرمایہ نکالا تھا۔ اجے باگا نے بدھ کو خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ابھی یہ نتیجہ نکالنا قبل از وقت ہوگا کہ حالیہ خریداری مستقل رجحان میں تبدیل ہو جائے گی، تاہم عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت سے متعلق سرمایہ کاری کے رجحان میں تبدیلی غیر ملکی سرمایہ کی ہندوستان واپسی کی اہم وجوہات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا، جاپان، تائیوان اور یہاں تک کہ امریکہ کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے بھی سرمایہ نکل رہا ہے اور اس کا کچھ حصہ دوبارہ ہندوستان آ رہا ہے۔
باگا کے مطابق، گزشتہ 2 برسوں کے دوران ہندوستانی بازاروں کی کارکردگی عالمی بازاروں کے مقابلے میں کمزور رہی ہے۔ اس وجہ سے ہندوستانی شیئر بازار کی قیمتیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نسبتاً زیادہ پرکشش ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ہندوستان سے 70 ارب ڈالر سے زیادہ کی غیر ملکی سرمایہ کاری نکلنے کے بعد عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے پورٹ فولیو میں ہندوستان کی حصہ داری کم ہو گئی تھی۔ ان کے بقول، حالیہ سرمایہ کاری جزوی طور پر اسی صورت حال میں معمول کی واپسی کا نتیجہ ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہندوستان واپسی کی ایک اور اہم وجہ ایران تنازعے میں جزوی پیش رفت کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی ہے۔
باگا نے کہا کہ اگرچہ خطے میں امن کی صورت حال اب بھی نازک ہے، لیکن اس سے خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جس سے ہندوستان میں مہنگائی کے امکانات، جاری کھاتے کے خسارے اور روپے کی قدر پر پڑنے والے دباؤ میں راحت ملی ہے۔