ایودھیا میں رام جنم بھومی احاطے کی تعمیر کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ رام مندر تعمیراتی کمیٹی کے چیئرمین نریپیندر مشرا نے منگل کو اعلان کیا کہ رام مندر کی بنیادی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اب کمیٹی کی بنیادی توجہ بین الاقوامی رام کتھا میوزیم کے قیام پر ہے۔نریپیندر مشرا ایودھیا میں رام مندر تعمیراتی کمیٹی کے تین روزہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اہم امور پر جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میوزیم کے لیے 10 اکتوبر سے باقاعدہ ٹینڈر طلب کیے جائیں گے۔ میوزیم میں 20 خصوصی گیلریاں ہوں گی جن کے موضوعات پہلے ہی طے کیے جا چکے ہیں۔ ٹینڈر جاری ہونے کے بعد تعمیراتی کام چھ ماہ کے اندر مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
نریپیندر مشرا نے کہا کہ اب ہماری بنیادی توجہ بین الاقوامی رام کتھا میوزیم پر ہے۔ مندر کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ مندر کے احاطے سے باہر ایک آڈیٹوریم بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی تکمیل میں مزید تین سے چار ماہ لگیں گے۔ثقافتی منصوبے کے تصور کی وضاحت کرتے ہوئے تعمیراتی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا کہ میوزیم کا ایک حصہ پہلے ہی تیار ہو چکا ہے اور یہاں تاریخی و آثار قدیمہ کے شواہد کو خاص اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان ہنومان سے متعلق گیلری مکمل ہو چکی ہے جبکہ کھدائی کے دوران ملنے والی اشیا کے ذریعے بھگوان رام کے وجود سے متعلق مواد پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میوزیم کے نقشے اور تعمیر کے آئندہ مراحل سے متعلق حتمی غور و خوض جاری ہے۔
مکمل ہو چکے مندر کی تعمیر سے متعلق مالی ادائیگیوں اور معیار کی ضمانت کے بارے میں نریپیندر مشرا نے بتایا کہ گزشتہ دو دن کے اجلاس میں تعمیراتی کام انجام دینے والی کمپنیوں کی ادائیگیوں کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آخری ادائیگی کی جا رہی ہے اور تعمیراتی کمپنیاں ایک ضمانتی مچلکے کے ذریعے اس بات کی یقین دہانی کرائیں گی کہ تعمیر شدہ احاطے کا معیار آنے والے برسوں میں برقرار رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ادائیگیوں کا آزادانہ جائزہ بھی کرایا جا رہا ہے اور انجینئرز انڈیا لمیٹڈ کو ادائیگیوں کا محاسبہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔احاطے کی حفاظتی دیوار سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے نریپیندر مشرا نے کہا کہ حفاظتی دیوار کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور یہ انتہائی مضبوط حفاظتی دیوار ہے۔انہوں نے زور دیا کہ رام جنم بھومی احاطے میں ہونے والے تمام تعمیراتی کاموں کا بنیادی مقصد یاتریوں اور عقیدت مندوں کی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تعمیر ہونے والی ہر چیز عقیدت مندوں کے آرام اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جائے۔