کھڑگے کے مودی کے خلاف بیان کو راجناتھ سنگھ نے انتہائی افسوسناک قرار دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2026
کھڑگے کے مودی کے خلاف بیان کو راجناتھ سنگھ نے انتہائی افسوسناک قرار دیا
کھڑگے کے مودی کے خلاف بیان کو راجناتھ سنگھ نے انتہائی افسوسناک قرار دیا

 



نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف دیے گئے بیان کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اہم اپوزیشن جماعت کو صرف سیاسی زوال ہی نہیں، بلکہ نظریاتی زوال کا بھی سامنا ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو بہار کے پٹنہ میں ایک پروگرام کے دوران ’’مودی کا باپ بھی جائے گا‘‘ کہہ کر تنازع کھڑا کردیا تھا۔ انہوں نے یہ بات سامعین میں موجود ایک شخص کے اس تبصرے کے جواب میں کہی تھی کہ ’’وزیر اعظم کہیں نہیں جائیں گے۔‘‘ اس وقت کھڑگے بہار کے پہلے وزیر اعلیٰ شری کرشن سنگھ کی 139ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

کھڑگے کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر راجناتھ سنگھ نے صحافیوں سے کہا کہ یہ ’’انتہائی افسوسناک‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر کے اس بیان سے ملک کے کروڑوں لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا، ’’ملکارجن کھڑگے جی جس عہدے پر فائز ہیں، اس کے پیش نظر ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عوامی زندگی میں زیادہ سنجیدگی، ضبط، وقار اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ اگر کانگریس کا قومی صدر خود اس طرح کی زبان استعمال کرتا ہے تو یہ نہ صرف اس کے عہدے کے وقار کے خلاف ہے، بلکہ کانگریس کی سیاسی ثقافت پر بھی سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی سیاست کا معیار روز بروز گرتا جارہا ہے۔ راجناتھ سنگھ کے مطابق، کھڑگے کا بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کانگریس کو صرف سیاسی زوال ہی نہیں بلکہ نظریاتی زوال کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کانگریس کو یاد رکھنا چاہیے کہ جمہوریت میں عوام ہر بات کا حساب رکھتے ہیں اور وقت آنے پر مناسب جواب دیتے ہیں۔