جے پور: راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے ہفتہ کی صبح جے پور کے جواہر سرکل میں مقامی باشندوں کے ساتھ سیر کی اور بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔ شرما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’فٹ انڈیا‘ مہم ایک صحت مند اور مضبوط ملک کی تعمیر کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسمانی صحت بہتر ہونے سے انسان کی کام کرنے کی صلاحیت اور توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کہیں بھی کچرا نظر آنے پر انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں۔ انہوں نے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے عوامی شرکت کو ضروری قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے دیگر طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران متعدد فلاحی اسکیمیں نافذ کی گئی ہیں اور لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ صبح کی سیر کے دوران وزیر اعلیٰ نے مقامی باشندوں کے مسائل اور تجاویز سنیں۔ انہوں نے بچوں سے ان کی تعلیم اور روزمرہ معمولات کے بارے میں بھی بات چیت کی اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی۔
وزیر اعلیٰ نے اس دوران ایک مندر میں بھی حاضری دی اور مقامی باشندوں کے ساتھ چھاچھ پی۔ اس موقع پر انہوں نے صحت بخش غذا اپنانے اور ’ووکل فار لوکل‘ (مقامی مصنوعات کو فروغ دینے) کے اقدام کی بھی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ پریم چند بیروا اور دیگر عوامی نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔