دہلی میں 57 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی و خارجی دروازے بند کرنے کی تجویز

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-10-2026
دہلی میں 57 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی و خارجی دروازے بند کرنے کی تجویز
دہلی میں 57 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی و خارجی دروازے بند کرنے کی تجویز

 



نئی دہلی: دہلی پولیس نے ہفتہ، 10 اکتوبر کو مجوزہ احتجاج کے پیش نظر قومی دارالحکومت کے 57 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے بند کرنے اور ان اسٹیشنوں پر ٹرینوں کی آمدورفت کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ تاہم، ابھی یہ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے اس تجویز کو منظور کرکے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یا نہیں۔ جمعرات کو جاری کیے گئے ایک خط میں جوائنٹ کمشنر آف پولیس، ٹرانسپورٹ رینج نے ڈی ایم آر سی سے درخواست کی کہ نئی دہلی ضلع میں جنتر منتر اور دیگر مقامات پر ہونے والے مجوزہ احتجاج کے پیش نظر متعلقہ میٹرو اسٹیشنوں پر ضروری اقدامات کیے جائیں۔

خط میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مظاہرین کی بڑی تعداد حساس مقامات کی جانب بڑھ سکتی ہے اور اس سے نظم و ضبط کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے 10 اکتوبر کو جنتر منتر پر نوجوانوں کی قیادت میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مظاہرہ مبینہ ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف کیا جانا ہے۔ پولیس کی تجویز کے مطابق، پابندیاں جمعہ کی رات 9 بجے سے شروع ہوں گی اور 10 اکتوبر کو حالات معمول پر آنے تک جاری رہیں گی۔ پولیس نے ڈی ایم آر سی سے متعلقہ افسران اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مجوزہ اقدامات پر عمل درآمد کیا جاسکے۔

جن 57 میٹرو اسٹیشنوں کی نشان دہی کی گئی ہے، ان میں راجیو چوک، سینٹرل سکریٹریٹ، پٹیل چوک، جن پتھ، نئی دہلی، منڈی ہاؤس، آئی ٹی او، سپریم کورٹ، اندراپرستھ، کشمیری گیٹ، کرول باغ، آئی این اے، حوض خاص، لاجپت نگر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، سیلم پور، ویلکم، شاہدرہ، رتھالا، روہنی ایسٹ اور روہنی ویسٹ سمیت کئی اہم اسٹیشن شامل ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ انتظامات مجوزہ احتجاج کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر تجویز کیے گئے ہیں اور حالات معمول پر آنے تک جاری رہنے چاہییں۔

دریں اثنا، سی جے پی کے کارکن ابھیجیت دپکے نے دعویٰ کیا ہے کہ احتجاج سے پہلے ملک کے مختلف حصوں میں کئی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دپکے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’بی جے پی حکومت نے 10 اکتوبر کے ہمارے احتجاج سے پہلے ملک بھر میں ہزاروں نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔ مودی، تمہاری یہ دھمکانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ اس ملک کے نوجوان اب تم سے نہیں ڈرتے۔ میں کل دہلی پہنچوں گا اور ہر حال میں جنتر منتر کی طرف مارچ کروں گا۔