استعفے کے بعد جج کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی جاری نہیں رہ سکتی: جسٹس ورما

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
استعفے کے بعد جج کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی جاری نہیں رہ سکتی: جسٹس ورما
استعفے کے بعد جج کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی جاری نہیں رہ سکتی: جسٹس ورما

 



نئی دہلی: جسٹس یشونت ورما نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹانے کی کارروائی جاری نہیں رکھی جاسکتی۔ ان کا کہنا ہے کہ استعفیٰ دیتے ہی وہ اس عہدے پر فائز نہیں رہے، اس لیے اب انہیں ہٹانے کی کوئی بھی کوشش آئینی بنیاد سے محروم ہوگی۔ لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ کو 10 ستمبر کو لکھے گئے ایک خط میں جسٹس ورما نے اپنے سرکاری رہائشی مکان سے جلے ہوئے نوٹوں کی گڈیاں ملنے کے الزامات کے معاملے میں خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔

جمعرات کو ارکان پارلیمنٹ کے درمیان تقسیم کیے گئے اس خط میں انہوں نے کہا کہ 9 اپریل کو دیا گیا ان کا استعفیٰ کسی غلط کام یا اپنے خلاف لگائے گئے الزامات اور نتائج کو تسلیم کرنے کے مترادف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ ورما نے یہ خط لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے بھیجے گئے اس مکتوب کے جواب میں لکھا تھا، جس میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے نتائج سے انہیں آگاہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر تبصرہ کرنے اور آئندہ کسی بھی کارروائی میں حصہ لینے سے انکار کردیا۔

ساتھ ہی درخواست کی کہ ان کا خط اور اس کے ساتھ منسلک دستاویزات پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان کے سامنے رکھے جائیں اور اس معاملے کو بند کردیا جائے۔ آئین کے آرٹیکل 217(1)(اے) اور ہائی کورٹ کی 1978 کی آئینی بنچ کے فیصلے ’یونین آف انڈیا بنام گوپال چندر مشرا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دلیل دی کہ ہائی کورٹ کے کسی جج کا استعفیٰ خود بخود مؤثر ہوجاتا ہے۔ اس کے لیے صدر جمہوریہ یا کسی دوسرے مجاز ادارے کی منظوری ضروری نہیں ہوتی۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا، ’’میرے استعفیٰ دینے کے بعد مجھے عہدے سے ہٹانے کے مقصد سے شروع کی گئی کارروائی کا کوئی جواز باقی نہیں رہ جاتا اور اسے جاری نہیں رکھا جاسکتا۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ ججوں کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق آئینی دفعات صرف ان ججوں پر لاگو ہوتی ہیں جو اس وقت اپنے عہدے پر فائز ہوں۔ ورما نے کہا کہ انہوں نے 9 اپریل تک ججوں کی جانچ کرنے والی کمیٹی کے سامنے تحقیقات میں حصہ لیا تھا۔ اسی روز انہوں نے صدر جمہوریہ کو فوری طور پر نافذ العمل اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا۔ انہوں نے تحقیقاتی عمل کے طریقۂ کار پر اپنے اعتراضات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ کمیٹی کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں جسٹس ورما کے خلاف لگائے گئے تینوں الزامات کو درست قرار دیا تھا۔ یہ رپورٹ 12 اگست کو پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تھی۔

جسٹس ورما کے خلاف الزامات میں یہ بھی شامل تھا کہ وہ اپنے سرکاری رہائشی مکان سے ملنے والی نقد رقم کے بارے میں یہ وضاحت کرنے میں ناکام رہے کہ وہ رقم کس کی تھی، کہاں سے آئی تھی اور اس کا مالک کون تھا۔ اس کے علاوہ شواہد کو محفوظ رکھنے میں ناکامی اور تحقیقات کے دوران ٹال مٹول پر مبنی اور غیر تسلی بخش جوابات دینے کے الزامات بھی شامل تھے۔ یہ تنازع 14 مارچ 2025 کو اس وقت شروع ہوا تھا جب دہلی میں جسٹس ورما کے سرکاری رہائشی مکان میں آگ لگنے کے بعد وہاں سے جلے ہوئے نوٹوں کی گڈیاں ملی تھیں۔ اس کے بعد سپریم کورٹ کی ایک داخلی کمیٹی نے الزامات کی تحقیقات کی تھیں۔ کمیٹی کی جانب سے بدعنوانی اور بدعنوان طرز عمل سے متعلق نتائج سامنے آنے کے بعد اس وقت کے چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ نے انہیں عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

اس وقت دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس ورما کو ان کی اصل ہائی کورٹ یعنی الہ آباد ہائی کورٹ واپس بھیج دیا گیا تھا۔ انہوں نے 5 اپریل 2025 کو وہاں حلف لیا تھا، تاہم اس کے بعد انہوں نے عدالتی کام کاج کرنا بند کردیا تھا۔ بعد ازاں تقریباً 150 ارکان پارلیمنٹ نے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نوٹس دیا تھا۔ اس کے بعد لوک سبھا اسپیکر نے ججوں کی جانچ سے متعلق ایکٹ، 1968 کے تحت تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ جسٹس ورما نے سپریم کورٹ میں کمیٹی کی تشکیل کو چیلنج کیا تھا، لیکن ان کی درخواست خارج کردی گئی تھی۔ بعد میں انہوں نے تحقیقاتی کارروائی سے خود کو الگ کرلیا تھا۔

ان کا الزام تھا کہ تحقیقات میں غیر جانب داری اور مناسب قانونی طریقۂ کار پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ ورما مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ واقعے کے وقت وہ دہلی میں موجود نہیں تھے اور ان کے رہائشی مکان سے کوئی نقد رقم برآمد نہیں ہوئی تھی۔ تاہم ان کے استعفے کے باوجود تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی کارروائی جاری رکھی اور رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کردی۔ جسٹس ورما کے استعفے کو ابھی تک باضابطہ طور پر نوٹیفائی نہیں کیا گیا ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے باوجود ورما اب جج کے عہدے پر فائز نہیں ہیں اور پارلیمنٹ ان کے خلاف عہدے سے ہٹانے کی کارروائی آگے نہیں بڑھا سکتی۔

آئین کے تحت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے جج دو طریقوں سے اپنے عہدے سے الگ ہوسکتے ہیں۔ پہلا طریقہ استعفیٰ دینا ہے، جبکہ دوسرا ثابت شدہ بدعنوانی یا نااہلی کی بنیاد پر پارلیمنٹ کے ذریعے عہدے سے ہٹایا جانا ہے۔ ہندوستان میں ججوں کو عہدے سے ہٹانے کے اس عمل کے لیے عام طور پر ’مواخذہ‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، حالانکہ ججوں کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق آئینی دفعات میں اس لفظ کا ذکر نہیں ہے۔