وزیر اعظم مودی آج مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2026
وزیر اعظم مودی آج مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے
وزیر اعظم مودی آج مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو دوپہر 1 بجے نئی دہلی کے سیوا تیرتھ میں مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بی جے پی قومی دارالحکومت میں اپنی تنظیمی اور انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے 2 روزہ اہم میٹنگ بھی کر رہی ہے۔ بی جے پی کے قومی عہدیداروں کا اجلاس 27 اور 28 نومبر کو پُوسا کیمپس میں منعقد ہو رہا ہے۔

اس میں پارٹی کے قومی عہدیداروں کے علاوہ مختلف ریاستوں کے انچارج بھی شرکت کر رہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی حکمت عملی، تنظیم کو مضبوط بنانے، آئندہ اسمبلی انتخابات اور مرکز، ریاستوں اور پارٹی تنظیم کے درمیان بہتر تال میل جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بی جے پی قیادت اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا کی سیاسی صورت حال کا بھی جائزہ لے گی، جہاں آئندہ اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔

اجلاس میں انتخابی تیاریوں کے ساتھ بوتھ کی سطح پر تنظیم کو مضبوط بنانے، رکنیت سازی مہم اور انتخابی تشہیر کی منصوبہ بندی پر بھی غور متوقع ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نئی ٹیم کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کے قومی عہدیداروں کے درمیان دوسری اہم ملاقات ہوگی۔

دریں اثنا، لوک سبھا سکریٹریٹ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ 18ویں لوک سبھا کے آٹھویں اجلاس کا دوسرا حصہ 30 نومبر سے شروع ہوگا اور سرکاری کام کاج کی ضرورت کے مطابق اس کے 3 دسمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے بتایا کہ حکومت نے لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ ضروری سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ایوان زیریں کا اجلاس 30 نومبر اور ایوان بالا کا اجلاس 2 دسمبر کو دوبارہ طلب کیا جائے۔

پارلیمنٹ کے اجلاس کے اس اعلان کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت حد بندی بل اور خواتین کے ریزرویشن بل کو پیش کرسکتی ہے، تاہم حکومت نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ ان مختصر اجلاسوں میں کون سے بل پیش کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا آخری اجلاس مانسون اجلاس 2026 تھا، جو 13 اگست کو دونوں ایوانوں کی غیر معینہ مدت کے لیے کارروائی ملتوی کیے جانے کے ساتھ ختم ہوا تھا۔ مجوزہ حد بندی بل کے تحت لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز ہے۔