کینسر کی 1364 ادویات کی قیمتوں میں کمی نافذ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
کینسر کی 1364 ادویات کی قیمتوں میں کمی نافذ
کینسر کی 1364 ادویات کی قیمتوں میں کمی نافذ

 



نئی دہلی: کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی 1364 دواؤں کی نظرثانی شدہ زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتیں (ایم آر پی) پیر سے نافذ ہوگئی ہیں۔ اس اقدام سے صارفین کو سالانہ تقریباً 3540.38 کروڑ روپے کی بچت ہونے کا اندازہ ہے۔ ایک سرکاری بیان میں یہ اطلاع دی گئی ہے۔ محکمہ ادویہ کے تحت کام کرنے والی نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے) نے 137 کینسر مخالف ادویات کے زیادہ سے زیادہ خوردہ نرخوں پر تجارتی منافع کی حد مقرر کی ہے۔

یہ فیصلہ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کی جانب سے تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی کی 17 اکتوبر 2026 کو پیش کردہ سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق، 8 نومبر 2026 تک 85 دوا ساز کمپنیوں نے 121 ادویات کی 1364 اقسام کی نظرثانی شدہ قیمتوں کی اطلاع دے دی تھی۔

وزارت کیمیکل و کھاد کے محکمہ ادویہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، 679 برانڈز کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی درج کی گئی ہے، جب کہ سب سے زیادہ کمی 96.45 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی کیمسٹ یا اسپتال کی فارمیسی کو نظرثانی شدہ زیادہ سے زیادہ قیمت سے زیادہ رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صارفین دواؤں کے پیکٹ پر درج نئی قیمت، ’فارما صحیح دام‘ موبائل ایپ یا این پی پی اے کی سرکاری ویب سائٹ (nppa.gov.in) کے ذریعے دواؤں کے نرخوں کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی دکان دار مقررہ قیمت سے زیادہ رقم وصول کرتا ہے یا قیمتوں سے متعلق کوئی دوسری بے ضابطگی سامنے آتی ہے تو صارفین ’فارما جن سما دھان‘ پورٹل کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ این پی پی اے کی ہیلپ لائن 1800-111-255 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔