صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی نوجوان ڈاکٹروں کو طبی اخلاقیات پر عمل کرنے کی تلقین

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی نوجوان ڈاکٹروں کو طبی اخلاقیات پر عمل کرنے کی تلقین
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی نوجوان ڈاکٹروں کو طبی اخلاقیات پر عمل کرنے کی تلقین

 



نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نوجوان ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ طبی اخلاقیات کی پابندی کریں اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ہمدردی، حساسیت اور انسانیت کی خدمت کو بنیادی اہمیت دیں۔ وہ جمعہ کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں اٹل بہاری واجپئی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے بی وی آئی ایم ایس) اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کی 12ویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی موجود تھے۔ صدر جمہوریہ نے فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طب کا پیشہ محض ایک ملازمت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کی بڑی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے طبی تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کی محنت، لگن اور ثابت قدمی کو سراہا اور انہیں اپنے پیشہ ورانہ فرائض ایمانداری اور ہمدردی کے ساتھ انجام دینے کی تلقین کی۔ دروپدی مرمو نے ملک میں صحت کی سہولتوں، طبی تعلیم اور صحت کے بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے کہا کہ طبی تعلیم حاصل کرنا جہاں ایک اعزاز ہے، وہیں یہ سماج کے تئیں ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 15,000 کروڑ روپے کی لاگت سے 10,000 نئی میڈیکل نشستیں بڑھانے کا منصوبہ شروع کیا ہے، جس کا مقصد ملک میں صحت کے شعبے کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے۔

جلسہ تقسیم اسناد کے دوران انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور سپر اسپیشلٹی کورسز کے مجموعی طور پر 324 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو 58 طلائی تمغوں سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ صدر جمہوریہ نے گزشتہ منگل کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ملیریا ریسرچ (آئی سی ایم آر-این آئی ایم آر) کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح بھی کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے سے وابستہ سابق اور موجودہ سائنس دانوں، محققین اور صحت کارکنوں کو مبارکباد دی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملیریا طویل عرصے تک ہندوستان کے صحت عامہ کے بڑے مسائل میں شامل رہا ہے، خاص طور پر دیہی اور قبائلی علاقوں میں اس بیماری نے لوگوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے دیہات میں ملیریا کے اثرات سے متعلق اپنے ذاتی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری نے لوگوں کی روزی روٹی، تعلیم اور مستقبل کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں میں دوا کا مقررہ کورس مکمل کرنے کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ علاج مؤثر ہو اور بیماری دوبارہ نہ پھیلے۔ دروپدی مرمو نے ملیریا پر قابو پانے کے سلسلے میں ہندوستان کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 2015 سے 2025 کے درمیان ملیریا کے معاملات اور اس سے ہونے والی اموات میں تقریباً 80 فیصد کمی آئی ہے۔ اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع کی تعداد بھی 155 سے گھٹ کر 33 رہ گئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2022 سے 2025 کے دوران 160 اضلاع میں ملیریا کا کوئی مقامی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے 2024 میں عالمی ادارہ صحت کے ہائی برڈن ٹو ہائی امپیکٹ (ایچ بی ایچ آئی) گروپ سے ہندوستان کے باہر آنے کو ایک اہم کامیابی قرار دیا اور اس کے لیے سائنس دانوں، صحت کارکنوں اور عام شہریوں کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔ صدر جمہوریہ نے ملیریا کی تشخیص، علاج اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، مچھروں پر قابو پانے، نئی دواؤں اور ویکسین کی تیاری اور عوامی بیداری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی تحقیق کے نتائج ان دیہات اور برادریوں تک پہنچنے چاہئیں جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، غیر منصوبہ بند شہری آبادی اور مچھروں میں کیڑے مار ادویات کے خلاف بڑھتی ہوئی مزاحمت جیسے نئے چیلنجوں کی طرف بھی توجہ دلائی۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی جمع ہونے سے روکنے، مچھروں کی افزائش کے مقامات ختم کرنے اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ دروپدی مرمو نے بھوبنیشور میں تیار کی جارہی مقامی ملیریا ویکسین میں آئی سی ایم آر-این آئی ایم آر کی خدمات کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے ہندوستان میں ملیریا کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے تپ دق، جذام، کالا آزار اور کووڈ-19 کے خلاف تحقیق میں آئی سی ایم آر کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ کووڈ-19 کے دوران ملک گیر جانچ کا نیٹ ورک قائم کرنے اور ہندوستان کی پہلی مقامی کووڈ ویکسین کی تیاری میں ادارے کے تعاون کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے ڈینگی کو صحت عامہ کا ایک ابھرتا ہوا چیلنج بتاتے ہوئے اس کے خلاف تحقیق اور تشخیصی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر جمہوریہ نے نیشنل ون ہیلتھ مشن کی خدمات کو بھی سراہا، جو انسانوں، جانوروں اور ماحول کے درمیان پیدا ہونے والے صحت کے خطرات کی شناخت اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے مقامی طبی ٹیکنالوجی، سستی اور معیاری صحت خدمات کے فروغ اور تحقیقی اداروں، اعلیٰ تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب پورا ہوسکے۔

اس موقع پر صدر جمہوریہ نے آئی سی ایم آر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ملیریا ریسرچ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی ایک شیٹ بھی جاری کی۔ مرکزی وزیر صحت نے ادارے کی 5 دہائیوں پر مشتمل سائنسی خدمات اور تحقیق کے سفر پر مبنی دو کتابیں بھی جاری کیں۔ ان کتابوں کی پہلی کاپیاں صدر جمہوریہ کو پیش کی گئیں۔ یہ تقریبات ہندوستان میں ملیریا کی تحقیق اور صحت عامہ کے شعبے میں آئی سی ایم آر-این آئی ایم آر کی 50 سالہ خدمات کی یاد میں منعقد کی جارہی ہیں۔