ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر صدر دروپدی مرمو کا اڈیشہ دورہ ملتوی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 24-10-2026
ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر صدر دروپدی مرمو کا اڈیشہ دورہ ملتوی
ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر صدر دروپدی مرمو کا اڈیشہ دورہ ملتوی

 



بھونیشور: اڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں اگلے ہفتے ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا 28 اکتوبر سے شروع ہونے والا دو روزہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ حکام نے ہفتے کو یہ اطلاع دی۔

چیف سکریٹری کے دفتر کے ایک افسر نے بتایا کہ موسم کی ناموافق پیش گوئی اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر صدر کے دورے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دروپدی مرمو کو 28 اور 29 اکتوبر کو رائرنگ پور اور اپنے آبائی ضلع میوربھنج کا دورہ کرنا تھا۔

میوربھنج ضلع انتظامیہ کے مطابق، ان کا دورہ منسوخ نہیں کیا گیا ہے، بلکہ اس کی تاریخیں تبدیل کی گئی ہیں۔ ایک افسر نے بتایا کہ صدر اب 4 اور 5 نومبر کو میوربھنج کا دورہ کریں گی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ہفتے کو بتایا کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کا ایک علاقہ شدت اختیار کرکے سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ امکان ہے کہ یہ طوفان 28 اکتوبر کی صبح شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اڈیشہ کے ساحلی علاقوں کے درمیان کسی مقام پر ساحل سے ٹکرائے گا۔