پینے کے پانی میں مضر کیمیکلز‘ کی موجودگی : این جی ٹی کا نوٹس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2026
 پینے کے پانی میں مضر کیمیکلز‘ کی موجودگی : این جی ٹی کا نوٹس
پینے کے پانی میں مضر کیمیکلز‘ کی موجودگی : این جی ٹی کا نوٹس

 



نئی دہلی: نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے پینے کے پانی میں مضر ’ہمیشہ باقی رہنے والے کیمیکلز‘ (Forever Chemicals) کی موجودگی اور روایتی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ذریعے ان کیمیکلز کو ختم کرنے میں مبینہ ناکامی سے متعلق خدشات پر مرکزی وزارت ماحولیات، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی)، بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) اور دو تحقیقی اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔

این جی ٹی کے چیئرپرسن جسٹس پرکاش شریواستو کی سربراہی والی بنچ، جس میں ماہر ارکان ڈاکٹر اے سنتھل ویل اور ڈاکٹر افروز احمد بھی شامل ہیں، نے 15 اکتوبر کو ایک اخبار میں شائع ہونے والی خبر ’’انڈیا کے واٹر پلانٹس ایلیوسیو فارایور کیمیکلز کو پکڑنے میں ناکام‘‘ کا ازخود نوٹس لیا۔ ٹریبونل نے 20 نومبر کے اپنے حکم میں وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی، سی ایس آئی آر-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹاکسیکولوجی ریسرچ، آئی آئی ٹی مدراس، سی پی سی بی اور بی آئی ایس کو فریق بناتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ اگلی سماعت سے کم از کم ایک ہفتہ قبل حلف ناموں کے ذریعے اپنے جوابات داخل کریں۔ ٹریبونل نے مزید ہدایت دی کہ اگر کوئی فریق اپنے وکیل کے ذریعے جواب داخل کرنے کے بجائے براہ راست جواب پیش کرتا ہے تو اسے ٹریبونل کی معاونت کے لیے ورچوئل طور پر سماعت میں موجود رہنا ہوگا۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 3 مارچ 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔

ٹریبونل نے نوٹ کیا کہ یہ معاملہ پر اور پولی فلورو الکائل مادوں (PFAS) سے متعلق ہے۔ یہ مصنوعی کیمیائی مرکبات ہیں، جن میں کاربن اور فلورین کے متعدد مضبوط بند موجود ہوتے ہیں۔ ان کا استعمال ٹیکسٹائل کی کوٹنگ اور کئی صنعتی مصنوعات میں کیا جاتا ہے۔ یہ کیمیکلز قدرتی طور پر آسانی سے ختم نہیں ہوتے اور طویل عرصے تک ماحول میں موجود رہ سکتے ہیں۔ این جی ٹی نے مشاہدہ کیا کہ مختلف مطالعات میں ہندوستان کے کئی علاقوں کے آبی ذرائع میں پی ایف اے ایس کی موجودگی کا پتہ چلا ہے، تاہم ملک بھر میں اس آلودگی کی اصل سطح ابھی واضح نہیں ہے۔

ٹریبونل نے یہ بھی کہا کہ فی الحال بازار میں دستیاب روایتی واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم ان مرکبات کو ختم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ٹریبونل نے 2025 میں جریدے ’ہیزرڈس میٹریلز ایڈوانسز‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کا حوالہ دیا، جس میں گجرات، مہاراشٹر، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں کی گئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ پانی میں پی ایف اے ایس کی آلودگی ایک حقیقی تشویش کا معاملہ ہے۔ اس کے علاوہ این جی ٹی نے 2024 میں جریدے ’انوائرنمنٹل سائنس یورپ‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کا بھی حوالہ دیا، جس میں آئی آئی ٹی مدراس کے محققین نے 2022 سے 2023 کے درمیان چنئی سے جمع کیے گئے پانی کے 14 نمونوں کا تجزیہ کیا تھا۔

ان میں زیر زمین پانی، سطحی پانی اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے چار مختلف مراحل کے نمونے شامل تھے۔ تحقیق میں پایا گیا کہ کچرے کے ڈمپنگ مقامات کے قریب رہائشی کنوؤں سے حاصل کیے گئے زیر زمین پانی کے نمونوں میں پی ایف اے ایس کی مقدار سب سے زیادہ تھی۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ صاف کیے گئے پانی میں پی ایف اے ایس کے تمام آٹھ منتخب مرکبات کی مقدار خام پانی کے مقابلے میں 5 فیصد سے 103 فیصد تک زیادہ تھی۔ ٹریبونل نے حیدرآباد یونیورسٹی کی ایک تحقیق کا بھی نوٹس لیا، جس میں جولائی 2026 کے دوران وشاکھاپٹنم کے اطراف سمندری پانی اور سیوریج کے نمونوں میں پی ایف اے ایس کی 77 اقسام کی جانچ کی گئی تھی۔ ممکنہ صحت کے خطرات پر این جی ٹی نے واضح کیا کہ پانی میں پی ایف اے ایس کی موجودگی کا پتہ چلنا بذات خود صحت کو لاحق خطرے کی سطح ثابت نہیں کرتا۔ اس کا انحصار کیمیکل کی قسم، مقدار، اس کے اثرات کی مدت اور جسم میں داخل ہونے کے طریقے پر ہوتا ہے۔

ٹریبونل نے انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر (IARC) کی 2025 کی مونوگراف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پرفلورو آکٹانوئک ایسڈ (PFOA) کو انسانوں کے لیے سرطان پیدا کرنے والا مادہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ پرفلورو آکٹین سلفونک ایسڈ (PFOS) کو ممکنہ طور پر سرطان پیدا کرنے والے مادے کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے۔ این جی ٹی نے ہندوستان میں پی ایف اے ایس کے اثرات سے متعلق مناسب ڈیٹا بیس اور قابل اعتماد معلومات کی کمی پر بھی تشویش ظاہر کی، جس کی نشاندہی سی ایس آئی آر-انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹاکسیکولوجی ریسرچ کے سائنس دانوں نے کی ہے۔ ٹریبونل نے نوٹ کیا کہ وزارت ماحولیات نے بتایا ہے کہ ملک میں پی ایف اے ایس کی تیاری پر پابندی عائد کرنے کے لیے فی الحال کوئی مخصوص ضابطہ موجود نہیں ہے۔

اس کے علاوہ موجودہ آئی ایس 10500:2012 معیار کے تحت پینے کے پانی میں پی ایف اے ایس کی مقدار کے لیے بھی کوئی مخصوص حد مقرر نہیں ہے۔ یہ معیار اس وقت نظرثانی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز نے ابھرتے ہوئے آلودہ مادوں سے متعلق ایک خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے، جو پی ایف اے ایس اور اس سے وابستہ دیگر آلودہ مادوں کی حد مقرر کرنے کے معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔ سائنس دانوں نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ جن پی ایف اے ایس مرکبات پر خاطر خواہ تحقیق ہو چکی ہے، ان کے لیے احتیاطی بنیادوں پر عبوری حدود مقرر کرنے کے کافی شواہد موجود ہیں۔