نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز ملک کے سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی 137ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں ان کی یاد میں یومِ اطفال (چلڈرنز ڈے) بھی منایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو ان کی یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘
‘ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی ملک کے پہلے وزیر اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تحریکِ آزادی میں ان کی خدمات اور آزاد ہندوستان کے ابتدائی دور میں ان کی قیادت کو یاد کیا۔ راجناتھ سنگھ نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’پنڈت جواہر لعل نہرو جی کی یومِ پیدائش پر میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہندوستان کی تحریکِ آزادی میں ان کی خدمات اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم کی حیثیت سے ان کی قیادت نے ملک کے ابتدائی دور پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔‘
‘ قابلِ ذکر ہے کہ ہر سال 14 نومبر کو پنڈت جواہر لعل نہرو کی یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ بچوں سے بے پناہ محبت اور شفقت کی وجہ سے وہ عوام میں ’چچا نہرو‘ کے نام سے مشہور تھے۔ نہرو کے انتقال کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ ان کی سالگرہ کو ہندوستان میں ’بال دیوس‘ یعنی یومِ اطفال کے طور پر منایا جائے گا۔
پنڈت جواہر لعل نہرو 14 نومبر 1889 کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 27 مئی 1964 کو آخری سانس لی۔ ملک کی تحریکِ آزادی میں سرگرم کردار ادا کرنے کے بعد وہ 15 اگست 1947 کو آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم بنے۔