نئی دہلی: سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بدھ کے روز امید ظاہر کی کہ ورنداون میں منعقدہ ایک بڑے طبی اور فلاحی کیمپ کے ذریعے معذور افراد کو فراہم کیے جانے والے مصنوعی اعضا اور معاون آلات انہیں نقل و حرکت کی مشکلات پر قابو پانے اور زیادہ خودمختار و باوقار زندگی گزارنے میں مدد فراہم کریں گے۔ رام ناتھ کووند نے تارا سنستھان، ادے پور کی جانب سے نارائن سیوا سنستھان کے اشتراک اور سگنیچر گلوبل فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقدہ دوسرے میگا مفت طبی و معذورین فلاحی کیمپ میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے مستفید ہونے والے افراد سے ملاقات کی اور مصنوعی اعضا کی پیمائش اور معذوری کے جائزے کے دوران ان کے اعتماد اور جوش و جذبے کو سراہا۔ کیمپ میں تقریباً 125 معذور افراد نے رجسٹریشن کرایا، جن میں چھوٹے بچوں سے لے کر بزرگ شہریوں تک شامل تھے۔ ان تمام افراد کی ضروریات کے مطابق مصنوعی اعضا اور معاون آلات کی تیاری کے لیے پیمائش کی گئی۔ یہ آلات ہر فرد کی طبی جانچ اور نقل و حرکت کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جائیں گے۔ کووند نے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے نارائن سیوا سنستھان کی طویل عرصے سے جاری خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس فلاحی اقدام میں تعاون کرنے پر سگنیچر گلوبل فاؤنڈیشن سے بھی اظہارِ تشکر کیا۔ یہ کیمپ ورنداون کے رکمنی وہار میں واقع سگنیچر ورنداون دھام میں منعقد کیا گیا، جہاں رام ناتھ کووند نے فیتہ کھول کر معذوری کے جائزے اور پیمائش کے پروگرام کا افتتاح کیا۔
معذور افراد کی فلاح و بہبود کے پروگرام کے علاوہ کیمپ میں آنکھوں کے مفت معائنے، موتیا کے آپریشن کے لیے مریضوں کی اسکریننگ اور انتخاب کے ساتھ سماعت سے محروم افراد کے طبی معائنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ سگنیچر گلوبل کے بانی اور چیئرمین پردیپ اگروال نے کہا کہ جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی، انسانی وقار اور مساوی مواقع انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سگنیچر گلوبل فاؤنڈیشن ایسے اقدامات کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے جو لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لاسکیں۔
انہوں نے رام ناتھ کووند کے ساتھ اس فلاحی مہم میں شراکت داری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سماجی بہبود کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے وژن اور رہنمائی سے تحریک حاصل ہوئی ہے۔ یہ کیمپ ضرورت مند افراد کی مدد، قابل رسائی طبی سہولیات اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے شریک اداروں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ورنداون کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران رام ناتھ کووند نے مشہور شری بانکے بہاری مندر میں بھی حاضری دی اور پوجا ارچنا کی۔