نئی دہلی: نیشنل اسمال انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ (این ایس آئی سی) کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سبرھانشو شیکھر آچاریہ نے مرکزی وزیر برائے ایم ایس ایم ای جیتن رام مانجھی اور وزیر مملکت برائے ایم ایس ایم ای شوبھا کرندلاجے کو 47.76 کروڑ روپے کا ڈیویڈنڈ پیش کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نے حکومت کی مختلف اسکیموں اور اقدامات کو نافذ کرنے میں این ایس آئی سی کی کارکردگی کو سراہا۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق، شیڈول ’اے‘ کی منی رتن کمپنی این ایس آئی سی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سبرھانشو شیکھر آچاریہ نے 28 اکتوبر 2026 کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے ایم ایس ایم ای جیتن رام مانجھی اور وزیر مملکت شوبھا کرندلاجے کو 47.76 کروڑ روپے کا ڈیویڈنڈ پیش کیا۔ اس موقع پر وزارت کے سکریٹری بھارت کھیرا اور وزارت و این ایس آئی سی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
آچاریہ نے این ایس آئی سی کی مضبوط مالی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کارپوریشن نے 3,767 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی، جبکہ ٹیکس کی ادائیگی کے بعد اس کا منافع 159 کروڑ روپے رہا۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری درج کی گئی ہے۔ ان کے مطابق، یہ کامیابی کارپوریشن کی مسلسل بہتر مالی کارکردگی، مؤثر انتظام اور چھوٹی و درمیانی صنعتوں کے شعبے کی ترقی اور مسابقتی صلاحیت بڑھانے کے عزم کی عکاس ہے۔
مرکزی وزیر برائے ایم ایس ایم ای نے مربوط معاونتی خدمات اور حکومت کے مختلف اقدامات پر عمل درآمد کے ذریعے چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو بااختیار بنانے میں این ایس آئی سی کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر قیادت نے اعتماد ظاہر کیا کہ این ایس آئی سی ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، نئے کاروباری اداروں کے قیام، ہنرمندی کی ترقی اور چھوٹی و بہت چھوٹی صنعتوں کی توسیع میں اپنا کردار مسلسل ادا کرتا رہے گا۔
پریس ریلیز کے مطابق، وسیع تجربے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کی بدولت این ایس آئی سی ملک میں ایم ایس ایم ای کے نظام کو مضبوط بنانے اور خود کفیل و شمولیتی ہندوستان کے تصور کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ این ایس آئی سی کا قیام اس کے میمورنڈم اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن میں درج مقاصد کی تکمیل کے لیے عمل میں آیا تھا۔ اس کے بنیادی کاموں میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو فروغ دینا اور ان کی مدد کرنا شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے کارپوریشن مارکیٹنگ، ٹیکنالوجی، مالیات اور دیگر شعبوں میں مربوط معاونتی خدمات فراہم کرتا ہے۔
دوسری جانب، اسی ہفتے پیر کے روز مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا تھا کہ ہندوستان اور نیدرلینڈز دونوں ملکوں کی بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے لیے ایک مخصوص نظام قائم کرنے کے امکانات پر غور کر سکتے ہیں، تاکہ ان کے درمیان کاروباری شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔ گوئل نے دی ہیگ میں ہندوستان۔ نیدرلینڈز بزنس فورم کے دوران ایک تبادلہ خیال میں کہا کہ چھوٹے کاروباری اداروں کو اکثر بیرون ملک مناسب کاروباری شراکت دار تلاش کرنے میں دشواری ہوتی ہے، جبکہ بڑی کمپنیوں کے پاس پہلے سے قائم کاروباری نیٹ ورک موجود ہوتے ہیں۔
دونوں ملکوں کے چھوٹے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں گوئل نے کہا، ’’جب وزیر وہاں آئیں گے تو ہم اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کیا ایسا کوئی رابطہ نظام قائم کیا جا سکتا ہے جو خاص طور پر ایم ایس ایم ای اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے میں مدد دے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا نظام کاروباری اداروں کو ممکنہ شراکت داروں کی شناخت کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون کو وسعت دینے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ادھر، سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا (سڈبی) کی ایک سروے رپورٹ کے مطابق، خام مال اور دیگر پیداواری اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ہندوستان کے بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانی کاروباری ادارے آنے والی سہ ماہیوں میں کاروبار کے امکانات کے بارے میں پُرامید ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ مثبت رجحان مینوفیکچرنگ کے شعبے میں دیکھا گیا ہے۔ سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے، ’’تینوں شعبوں میں مجموعی اعتماد کی سطح 50 کے غیر جانبدار معیار سے کافی اوپر برقرار ہے، جو ہندوستان کے ایم ایس ایم ای نظام کی بنیادی مضبوطی اور مشکلات کے باوجود اس کی مزاحمت کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔