نئی دہلی: ہندوستان میں صحت کے شعبے سے وابستہ معاون پیشہ ور افراد (الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز) اور طبی خدمات فراہم کرنے والے کارکنوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے تحت کام کرنے والے نیشنل کمیشن فار الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر پروفیشنز (این سی اے ایچ پی) نے اہل پیشہ ور افراد کی عارضی رجسٹریشن کے لیے ایک جامع ضابطہ جاتی نظام تجویز کیا ہے۔ اس میں مہارتوں کو بہتر بنانے، صلاحیتوں کی جانچ اور مستقل رجسٹریشن تک پہنچنے کے واضح طریقے متعین کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس مجوزہ نظام کا مقصد پیشہ ورانہ رجسٹریشن کے عمل میں یکسانیت، شفافیت اور جواب دہی کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ساتھ اہل افراد کو مقررہ معیار کے مطابق اپنی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں این سی اے ایچ پی نے نیشنل کمیشن فار الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر پروفیشنز ایکٹ 2021 کے تحت تیار کردہ ’’الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی عارضی رجسٹریشن سے متعلق ضوابط 2026‘‘ کے مسودے پر عوام اور متعلقہ اداروں سے تجاویز اور اعتراضات طلب کیے ہیں۔
مجوزہ ضوابط کی ایک اہم خصوصیت اہل الائیڈ اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی عارضی رجسٹریشن کے لیے شفاف اور یکساں طریقہ کار قائم کرنا ہے۔ اس نظام میں اہلیت کے مقررہ معیار، اسناد کی تصدیق اور رجسٹریشن کے واضح مراحل شامل کیے گئے ہیں، تاکہ پیشہ ورانہ شناخت قانونی تقاضوں اور صلاحیت کے مقررہ معیار کے مطابق ہو۔ مجوزہ ضوابط کے تحت عارضی طور پر رجسٹرڈ اہل افراد کو اپنی مہارت بہتر بنانے کے لیے مخصوص برج کورسز کرنے، نگرانی میں طبی تربیت حاصل کرنے اور جہاں ضروری ہو، کم از کم اہلیتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ ان مراحل کی تکمیل کے بعد وہ مستقل رجسٹریشن کے اہل ہوسکیں گے۔
صلاحیت پر مبنی اس طریقہ کار کا مقصد پیشہ ورانہ ترقی کے مسلسل عمل کو فروغ دینا، ملازمت اور ترقی کے مواقع بہتر بنانا اور الائیڈ و ہیلتھ کیئر خدمات کے معیار کو مضبوط کرنا ہے۔ مجوزہ نظام میں مہارتوں کی ترقی، پیشہ ورانہ قابلیت اور ضابطہ جاتی جواب دہی پر خاص زور دیا گیا ہے۔ مستقل رجسٹریشن کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہلیت کے مقررہ معیار سے منسلک کرکے یہ یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ صحت کے شعبے سے وابستہ افراد معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ضروری معلومات، مہارت اور طبی صلاحیت رکھتے ہوں۔
اس پہل سے صحت کے شعبے میں زیادہ تربیت یافتہ، منظم اور جواب دہ افرادی قوت تیار ہونے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ مریضوں کی حفاظت اور طبی خدمات کے معیار کو بھی تقویت ملے گی۔ مسودے میں ایک مربوط آن لائن رجسٹریشن نظام قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے، جس کے ذریعے درخواست جمع کرانے، اسناد کی تصدیق، اہلیت کی جانچ اور عارضی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا عمل آسان بنایا جائے گا۔ عارضی رجسٹریشن حاصل کرنے والے اہل افراد کو ایک منفرد شناختی نمبر (پی آر یو آئی ڈی) دیا جائے گا، جس سے ان کی شناخت اور نگرانی کا نظام بہتر ہوگا۔ اس ڈیجیٹل نظام کا مقصد رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے ساتھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شفافیت، کارکردگی اور یکسانیت کو فروغ دینا ہے۔
وزارت کی پریس ریلیز کے مطابق مسودے میں عارضی رجسٹریشن کے لیے یکساں اہلیت اور طریقہ کار، آن لائن درخواست، اسناد کی تصدیق، منفرد شناختی نمبر کے ساتھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجرا، رجسٹریشن کی مدت، توسیع، منسوخی اور اپیل سے متعلق واضح دفعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مہارتوں میں اضافے کے لیے برج کورسز، صلاحیت کی جانچ اور جہاں ضروری ہو اہلیتی امتحانات کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ مسودے میں پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کے لیے نگرانی میں طبی تربیت اور متعلقہ اداروں کے لیے ضروری شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔
مقررہ تقاضے پورے کرنے والے افراد کو مرکزی یا ریاستی رجسٹر میں مستقل رجسٹریشن حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ ان تمام اقدامات کا مقصد ایسا مضبوط اور شفاف نظام قائم کرنا ہے جو صحت کے شعبے کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرے۔ شفاف اور عوامی شمولیت پر مبنی ضابطہ سازی کے اپنے عزم کے تحت این سی اے ایچ پی نے الائیڈ اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، پیشہ ورانہ انجمنوں، تعلیمی اداروں، ریاستی الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر کونسلوں، طبی اداروں، ماہرین اور عام لوگوں سے تجاویز، آرا اور اعتراضات طلب کیے ہیں۔