رام لیلا میدان میں مظاہروں کے لیے نئی ہدایات کی تجویز

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2026
رام لیلا میدان میں مظاہروں کے لیے نئی ہدایات کی تجویز
رام لیلا میدان میں مظاہروں کے لیے نئی ہدایات کی تجویز

 



نئی دہلی: دہلی پولیس نے وسطی دہلی کے رام لیلا میدان میں عوامی اجتماعات اور مظاہروں کو منظم کرنے کے لیے نئی مجوزہ ہدایات تیار کی ہیں۔ ان کے تحت کسی بھی پروگرام میں شرکاء کی زیادہ سے زیادہ تعداد 50 ہزار مقرر کرنے اور تقریبات کے لیے صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کا وقت طے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ ہدایات کا مقصد رام لیلا میدان میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور عوامی پروگراموں کو حفاظتی، سکیورٹی اور انتظامی ضابطوں کے دائرے میں لانا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ معیاری طریقۂ کار (SOP) کا مسودہ منظوری کے لیے دہلی پولیس ہیڈکوارٹر بھیج دیا گیا ہے۔ یہ تجویز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کی دفعات کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔

مجوزہ انتظامات کے مطابق، منتظمین کو پولیس سے اجازت لینے سے پہلے دہلی میونسپل کارپوریشن (MCD) سے پروگرام کے لیے میدان کی دستیابی کی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ عام طور پر پروگرام کی مجوزہ تاریخ سے کم از کم 10 دن پہلے درخواست جمع کرانا ضروری ہوگا۔ مسودے میں اجتماع کے انتظام کی ذمہ داری بھی منتظمین پر عائد کرنے کی تجویز ہے۔

اس میں ٹریفک حکام کے ساتھ تال میل، پارکنگ کے انتظامات اور شرکاء کے لیے مخصوص پک اَپ اور ڈراپ پوائنٹس مقرر کرنا شامل ہے۔ منتظمین کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ سڑکوں اور ہنگامی خدمات کے لیے مختص راستوں پر کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔ مجوزہ سکیورٹی ہدایات کے تحت آتشیں اسلحہ، تلواریں، نیزے، دھار دار اشیا اور دیگر ممنوعہ سامان لے جانے پر پابندی ہوگی۔ رام لیلا میدان کے اطراف ڈرون اڑانے کے لیے بھی پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

اس کے علاوہ منتظمین کو پینے کے صاف پانی، طبی امداد، صفائی ستھرائی، بیت الخلا اور کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے انتظامات بھی کرنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ یہ تمام ہدایات فی الحال مجوزہ ہیں اور منظوری کے بعد ہی ان پر عمل درآمد ہوگا۔