مودی نے گوردھن پوجا پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
مودی نے گوردھن پوجا پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی
مودی نے گوردھن پوجا پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی

 



نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو گوردھن پوجا کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور ان کی زندگیوں میں امن، خوشی اور خوشحالی کی دعا کی۔ مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’گوردھن پوجا کے اس مبارک موقع پر میری دعا ہے کہ ہر شخص کی زندگی امن، خوشی اور خوشحالی سے بھر جائے۔‘‘ وزیر اعظم نے انسٹاگرام پر بھی اس تہوار کی خوشیوں میں شرکت کی اور اس مبارک موقع پر گایوں کو چارہ کھلایا۔ گوردھن پوجا کو انّ کوٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ تہوار دیوالی کے اگلے دن منایا جاتا ہے۔

ہندو مذہبی روایت کے مطابق، اس دن بھگوان کرشن نے مسلسل 7 دن تک گوردھن پہاڑ کو اپنی انگلی پر اٹھا کر برج اور ورنداون کے لوگوں اور مویشیوں کو بھگوان اندر کی جانب سے بھیجی گئی موسلادھار بارش سے محفوظ رکھا تھا۔ اس موقع پر دہلی میں بھی مختلف مقامات پر گوردھن پوجا کا اہتمام کیا گیا۔ سوامی نارائن اکشردھام مندر میں عقیدت مندوں نے خصوصی پوجا کی اور بھگوان سے دعائیں مانگیں۔ اسی طرح وسنت کنج میں مقامی لوگوں نے سجاوٹ کے مختلف سامان کی مدد سے گوردھن مہاراج کی مورتی تیار کی اور سالانہ پوجا کا اہتمام کیا۔

مقامی رہائشی مالا شرما کے مطابق، اس مورتی کو تیار کرنے میں تقریباً 4 گھنٹے لگتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر آٹے، ہلدی اور ہولی کے لیے الگ سے محفوظ رکھے گئے رنگوں سمیت مختلف چیزوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ مالا شرما نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا، ’’پوجا کے لیے ہم صبح 6 بجے یہاں پہنچ جاتے ہیں اور پورا عمل تقریباً 4 گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے۔ صبح 10 بجے تک ساری تیاریاں ختم ہوجاتی ہیں۔ ہم اس کی تیاری کئی دن پہلے شروع کردیتے ہیں۔ اس کے لیے دیوالی میں محفوظ رکھے گئے لائی، پھول اور سجاوٹ کا دیگر سامان جمع کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ تازہ پتے، پھول اور گائے کا گوبر بھی جمع کیا جاتا ہے۔ ان تمام چیزوں کے ساتھ آٹے، ہلدی اور ہولی کے لیے الگ رکھے گئے رنگوں سے یہ منظر تیار کیا جاتا ہے۔‘‘ تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے شرما نے کہا کہ گوردھن پوجا کا اصل مقصد فطرت کی عبادت اور گائے کا احترام کرنا ہے۔ ان کے مطابق، انسان کو اپنے آس پاس موجود درختوں، پودوں اور جانوروں کی بھی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی اپنی تہذیبی جڑوں سے جڑے رہنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ’’گوردھن پوجا کا اصل مقصد فطرت کی عبادت اور گائے کا احترام کرنا ہے۔ ہمیں اپنے اردگرد موجود درختوں اور پودوں کی قدر کرنی چاہیے۔ ہم جدید دور میں رہتے ہیں، جہاں راکٹ آسمانوں تک پہنچ رہے ہیں، لیکن ہماری جڑیں آج بھی اسی زمین سے جڑی ہوئی ہیں۔ آنے والی نسلوں کے لیے اپنی روایات اور اقدار کو محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ یہی وہ ورثہ ہے جو ہم اپنے بچوں کو دے سکتے ہیں۔‘‘ دوسری جانب عام لوگوں کے ساتھ سیاسی رہنماؤں نے بھی گوردھن پوجا منائی۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اپنی اہلیہ کے ساتھ اس موقع پر شری ناتھ جی اور گر راج جی کی خصوصی پوجا کی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ انہوں نے بھگوان شری ناتھ جی سے راجستھان کی مسلسل ترقی، عوام کی خوشحالی اور سب کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی۔ بھجن لال شرما نے اپنے پیغام میں کہا، ’’میں واسودیو کے بیٹے، کنس اور چانور کا خاتمہ کرنے والے، دیوکی کو اعلیٰ خوشی عطا کرنے والے اور دنیا کے استاد بھگوان کرشن کو سلام کرتا ہوں۔ آج گوردھن پوجا کے مقدس موقع پر میں نے ڈیگ میں شری گر راج جی مہاراج کے مقدس تاج اور کنول جیسے چہرے کے درشن کیے اور بھگوان شری ناتھ جی کی بھی پوجا اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر بھگوان کا آشیرواد حاصل کیا۔ میں نے شری ناتھ جی سے ریاست کے تمام لوگوں کی خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت کے ساتھ راجستھان کی مسلسل ترقی کی دعا کی۔‘‘